اسٹاک مارکیٹ، سرمایہ کاروں کی عدم دلچسپی سے منفی رجحان، 40 پوائنٹس کم

March 22, 2023

کراچی ( اسٹاف رپورٹر) پاکستان اسٹاک ایکس چینج،سیاسی و معاشی بے یقینی اورسرمایہ کاروں کی عدم دلچسپی کے باعث مارکیٹ میں منفی رحجان رہا، کے ایس ای100انڈیکس میں 40 پوائنٹس کی کمی ،49.51 فیصد کمپنیوں کے شیئرز کی قیمت کم ہو گئی، سرمایہ کاری مالیت 10 ارب 94 کروڑ 52 لاکھ روپے گھٹ گئی، کاروباری حجم بھی 26.94 فیصد کم رہا،تفصیلات کے مطابق آئی ایم ایف سے معاہدے میں مسلسل تاخیر اور سیاسی کشیدگی کے باعث سرمایہ کارمارکیٹ میں نئی سرمایہ کاری سے گریزاں ہیں، منگل کو بھی سرمایہ کاروں کی عدم دلچسپی اور محدود کاروبار کے باعث معمولی اتار چڑھاو کے بعد مندی کا رحجان غالب رہا اور کے ایس ای100انڈیکس 40.47پوائنٹس کی کمی سے 40877.98 پوائنٹس پر آکر بند ہوا، آل شیئرز انڈیکس بھی21.60پوائنٹس کی کمی سے 26953.58 پوائنٹس رہا لیکن کے ایس ای 30 انڈیکس 44.86 پوائنٹس کے اضافے سے 15088.03 پوائنٹس ہو گیا،مارکیٹ میں مجموعی طور پر 309 کمپنیوں کے شیئرز کا کاروبار ہوا،134 کمپنیوں کے شیئرز کی قیمت میں اضافہ،153 کمپنیوں کے شیئرز کی قیمت میں کمی اور 22 کمپنیوں کے شیئرز کی قیمت مستحکم رہی۔