ماہل بلوچ کو نند اور نندوئی نے اکسایا: ترجمان وزیرِ اعلیٰ بلوچستان

March 22, 2023

تصویر بشکریہ غیر ملکی میڈیا

وزیرِاعلیٰ بلوچستان عبدالقدوس بزنجو کے ترجمان بابر یوسف زئی کا کہنا ہے کہ سی ٹی ڈی نے کوئٹہ کے علاقے سیٹلائٹ ٹاؤن میں لیڈیز پارک کے قریب سے ماہل بلوچ کو گرفتار کیا تھا، جس کی نند اور نندوئی نے اسے اکسایا۔

کوئٹہ میں وزیرِاعلیٰ بلوچستان عبدالقدوس بزنجو کے ترجمان بابر یوسف زئی نے ڈی آئی جی سی ٹی ڈی اعتزاز گورایہ کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ ماہل بلوچ کی نند اور نندوئی یوسف بلوچ اس وقت ایران میں ہیں، جنہوں نے ماہل بلوچ کو اس جانب راغب کیا۔

ان کا کہنا ہے کہ گرفتار خاتون ماہل بلوچ کا تعلق ایک کالعدم تنظیم سے ہے، یہ خاتون کالعدم تنظیم کی سہولت کار ہے، دورانِ تفتیش اس نے اعتراف کیا کہ وہ کالعدم تنظیم کےلیے کام کرتی ہے۔

وزیرِاعلیٰ بلوچستان کے ترجمان نے کہا کہ یہ عمل انتہائی افسوس ناک ہے، کالعدم تنظیم ہماری روایات کو روند رہی ہے، ماہل بلوچ کا شوہر بیبرک ایک تنظیم کی کارروائی میں مارا گیا تھا۔

انہوں نے بتایا کہ خاتون ماہل بلوچ کا نندوئی یوسف بلوچ کالعدم تنظیم کے سربراہ ڈاکٹر اللّٰہ نذر کا قریبی عزیز ہے۔

بابر یوسف زئی نے مزید بتایا کہ کالعدم تنظیمیں ہماری خواتین اور بچوں کو ناپاک عزائم کے لیے استعمال کر رہی ہیں۔

وزیرِاعلیٰ بلوچستان عبدالقدوس بزنجو کے ترجمان کا یہ بھی کہنا ہے کہ بلوچستان کی ماؤں، بہنوں اور بچوں سے اپیل کرتا ہوں کہ وہ خودکو استعمال نہ ہونے دیں۔

پریس کانفرنس کے دوران ماہل بلوچ کا ویڈیو بیان بھی چلایا گیا۔

ماہل کو گزشتہ ماہ گرفتار کیا گیا

واضح رہے کہ گزشتہ ماہ کوئٹہ کے علاقے سیٹلائٹ ٹاؤن میں لیڈیز پارک کے قریب سی ٹی ڈی نے ایک خاتون کو گرفتار کرکے اس کے قبضے سے خود کش جیکٹ برآمد کی تھی۔

ترجمان سی ٹی ڈی کے مطابق جیکٹ میں 4 کلو گرام دھماکا خیز مواد موجود تھا، ملزمہ کے خلاف مقدمہ درج کیا گیا تھا، خاتون دہشت گرد ماہل بلوچ کا ہدف اہم تنصیبات اور سیکیورٹی فورسز تھیں۔

مبینہ خودکش حملہ آور خاتون کا تعلق دہشت گرد تنظیم سے بتایا گیا، جس سے نیٹ ورک کے دیگر افراد کی گرفتاری کے لیے تفتیش بھی کی گئی۔

ترجمان سی ٹی ڈی کے مطابق سوشل میڈیا پر دہشت گرد تنظیم کی جانب سے خودکش حملہ آور خاتون کو مسنگ پرسن بنانے کا پروپیگنڈا کیا جارہا تھا جو بے نقاب ہوگیا۔