کوئٹہ (نمائندہ جنگ)چینی قافلے کو نشانہ بنانے کا منصوبہ ناکام، تربت سے خاتون خودکش حملہ آور کو گرفتار کرلیا گیا، جس کے قبضے سے دھماکہ خیز مواد، جیکٹ اور ڈیٹونیٹر برآمد کرلئے گئے،ذرائع کا کہنا ہے کہ گرفتار خاتون کا تعلق کراچی یونیورسٹی میں خود کش کرنے والی کالعدم تنظیم بی ایل اے کے مجید بریگیڈ سے ہے۔ سی ٹی ڈی کا کہنا ہے کہ ہوشاب سی پیک روٹ پر حملے کا منصوبہ بنایا گیا تھا، خاتون کو خفیہ اطلاع پر مکان سے حراست میں لیا گیا ہے جس کا تعلق بی ایل اے مجید بریگیڈ سے ہے، تفصیلات کے مطابق سی ٹی ڈی بلوچستان اور لیڈیز پولیس نے سی پیک روٹ پر چینی باشندوں اورسکیورٹی فورسز کے قافلوں پر دہشت گردی کا منصوبہ ناکام بناتے ہوئے تربت میں ایک مکان سے خاتون خودکش بمبار کو گرفتار کر کے خود کش جیکٹ ٗ دھماکہ خیز مواد ڈیٹونیٹر قبضے میں لے لئے، گرفتار خاتون کا تعلق کراچی یونیورسٹی میں خود کش کرنے والی کالعدم تنظیم بی ایل اے کے مجید بریگیڈ سے ہے سی ٹی ڈی ذرائع کے مطابق سی ٹی ڈی بلوچستان کے حکام کو خفیہ اطلاع ملی تھی کہ کالعدم تنظیم نے سی پیک روٹ پر چینی باشندوں اور سکیورٹی فورسز کے قافلوں پر دہشت گردی کا منصوبہ بنایا ہے اس مقصد کیلئے کالعدم تنظیم کی ایک خاتون خودکش بمبار کو تیار کیا ہے جو تربت کے علاقے ہوشاب میں ایک مکان میں موجود ہے۔