مشکل حریف افغانستان سے مقابلہ، پاکستان کرکٹ ٹیم دبئی پہنچ گئی

March 23, 2023

کراچی (اسٹاف رپورٹر) شاداب خان کی قیادت میں نوجوان کھلاڑیوں پر مشتمل پاکستانی کرکٹ ٹیم افغانستان کیخلاف مشکل ٹی ٹوئنٹی سیریز کھیلنے بدھ کی شام لاہور سے دبئی پہنچ گئی۔ اسکواڈ میں 14کھلاڑی اور9سپورٹ اسٹاف کے لوگ شامل ہیں۔ احسان اللہ ، طیب طاہر، زمان خان اور صائم ایوب کو پہلی بار ٹیم میں جگہ ملی ہے۔ تجربہ کار عماد وسیم اور نوجوان اعظم خان کی واپسی ہوئی ہے۔ تین میچوں کی سیریز کا پہلا میچ جمعے کی شب نو بجے کھیلا جائے گا۔دبئی میں موجود فاسٹ بولر نسیم شاہ نے ہوٹل میں پاکستان ٹیم کو جوائن کرلیا ہے۔ کپتان شاداب خان کا کہنا ہے کہ کسی بھی کھلاڑی کیلئے قومی ٹیم کی کپتانی سب سے بڑا خواب ہوتا ہے۔ سوشل میڈیا پر شاداب خان نے پاکستان کرکٹ بورڈ کے ہیڈ کوارٹر میں سیریز کیلئے منتخب کھلاڑیوں کیساتھ اپنی تصاویر شیئر کیں ۔ اور لکھا کہ نوجوانوں کو سپورٹ کرنا مت بھولیے گا۔ پاکستان ٹیم ان کھلاڑیوں پر مشتمل ہے۔ شاداب خان (کپتان) ، شان مسعود، نسیم شاہ، افتخار احمد، احسان اللہ ، طیب طاہر، زمان خان ، صائم ایوب ، اعظم خان، محمد وسیم جونیئر، عبداللہ شفیق، فہیم اشرف، محمد حارث، محمد نواز۔ ٹیم انتظامیہ میں عبدالرحمن ہیڈ کوچ، عمر گل بولنگ کوچ، عبدالمجید فیلڈنگ کوچ، کلف ڈیکن فزیو تھراپسٹ، طلحہ اعجاز انالسٹ، احسن ناگی میڈیا منیجر، ڈرکس سائمن کنڈیشننگ کوچ اور کرنل ریٹائرڈ عثمان انوری سیکیورٹی منیجر شامل ہیں۔پاکستانی ٹیم جمعرات کو شارجہ اسٹیڈیم میں پریکٹس سیشن میں حصہ لے گی۔