بلوچستان فوڈ اتھارٹی کا لورالائی اور کوئٹہ میں 12 مراکز کو جرمانہ

March 23, 2023

کوئٹہ(خ ن)غیر معیاری خوردنی اشیاء کی تیاری و فروخت کے خلاف بلوچستان فوڈ اتھارٹی کی جاری کارروائیوں کے دوران ضلع لورالائی میں 9 جبکہ کوئٹہ میں 3 مراکز پر جرمانے عائد کردئیے گئے ۔تفصیلات کے مطابق ڈویژنل ڈائریکٹر شراف الدین کی سربراہی میں بی ایف اے معائنہ ٹیم نے صدر بازار اور ژوب روڈ پر قائم مراکز کی چیکنگ کرتے ہوئے قوانین کی خلاف ورزی پر 3 میٹ شاپس ، 4 جنرل اسٹورز ، ایک بیکری اور ایک ملک شاپ پر جرمانے عائد کئے۔گوشت کی دکانوں کے خلاف ناقص صفائی و دکانوں کے باہر گردوغبار میں گوشت لٹکانے پر ایکشن لیا گیا جبکہ جنرل اسٹورز سے ممنوعہ چائنیز نمک اور زائد المیعادمصنوعات (پیکٹ مصالحے ، ٹکی ٹافیاں) برآمد ہوئیں جنہیں ضبط کرکے بعدازاں تلف کر دیا گیا۔ ملک شاپس سے سیمپلز لیکر موقع پر ٹیسٹ کئے گئے ، ٹیسٹ کرنے پرایک دکان کا دودھ ملاوٹی پایا گیا ، بیکری کو لائسنس کی عدم دستیابی ، صفائی کی ابتر صورتحال اور ورکرز کی ذاتی صفائی ہیڈ کورز ، ماسک و دستانے نہ ہونے پر جرمانہ کیا گیا۔ بی ایف اے ڈویژنل ٹیم نے دوران معائنہ معمولی نقائص پر 7 دیگر خوراک کے مراکز کو اصلاحی نوٹسز بھی جاری کئے۔ علاوہ ازیں ملک شاپس،ڈیری فارمز اور ہوٹلوں میں دودھ سمیت مختلف ڈیری پراڈکٹس کی جانچ کیلئے بلوچستان فوڈ اتھارٹی کی جانب سے مراکز کی انسپکشن کا سلسلہ بھی جاری رہا ، دودھ میں ملاوٹ پر جناح ٹاؤن اور پشین اسٹاپ میں 3 ملک شاپس کے خلاف کارروائی کی گئی ، بی ایف اے کی خصوصی ملک سیفٹی ٹیم نے متعدد مراکز (ہوٹلوں ، ملک شاپس) سے دودھ کے نمونے لیکر موبائل لیبارٹری کے ذریعے چیک کئے ، لیب رپورٹس کے مطابق موقع پر ٹیسٹ کردہ نمونوں میں سے 3 مراکز کے دودھ میں پانی کی وافر مقدار اور خشک دودھ کی ملاوٹ ثابت ہوئی جس کی بناء پر ان مراکز کو جرمانہ کیا گیا ۔ بی ایف اے ملک سیفٹی ٹیموں نے دوران معائنہ مراکز مالکان کو دودھ ، دہی سمیت تمام ڈیری پراڈکٹس کی اسٹوریج کیلئے بی ایف اے کے وضع کردہ خصوصی ہدایات ناموں پر عملدرآمد یقینی بنانے اور صفائی کے بہتر انتظامات کیلئے تمام ضروری اقدامات کرنے کی ہدایت کی۔