ٹوکیو میں پاکستانی سفارتخانے میں یومِ پاکستان کے موقع پر تقریب

March 23, 2023

ٹوکیو میں پاکستانی سفارتخانے میں یومِ پاکستان کے موقع پر پرچم کشائی کی پروقار تقریب کا اہتمام کیا گیا جس میں پاکستان کے سفیر رضا بشیر تارڑ نے پاکستانی پرچم قومی ترانہ کے ساتھ بلند کیا۔

اس موقع پر سفارتخانہ پاکستان کے حکام سمیت کمیونٹی کی بڑی تعداد بھی موجود تھی۔

پرچم کشائی کے بعد کمیونٹی ہال میں پاکستانیسفیر نے صدرِ پاکستان اور وزیراعظم پاکستان کے پیغامات پڑھ کر سنائے۔

اس موقع پر رضا بشیر تارڑ نے جاپان میں مقیم پاکستانی کمیونٹی کی پاک جاپان تعلقات میں فروغ اور پاکستان کے لیے ان کے بہترین کردار کی تعریف کی۔

انہوں نے پاکستانی کمیونٹی پر زور دیا کہ اپنے بہترین اخلاق اور کردار سے جاپان میں پاکستان کا نام روشن کرنے کے لیے کردار ادا کریں۔

واضح رہے کہ 23 مارچ کے موقع پر جاپان کے معروف اخبارات نے پاکستان اور جاپان کے تعلقات اور یومِ پاکستان کی مناسبت سے خصوصی سپلیمنٹ بھی شائع کیے ہیں۔