برسلز: سفارتخانے میں یوم پاکستان روایتی جذبہ حب الوطنی کے ساتھ منایا گیا

March 23, 2023

پاکستان کا قومی دن برسلز میں واقع سفارتخانے میں روایتی جذبہ حب الوطنی کے ساتھ منایا گیا۔

اس موقع پر منعقد ہونے والی ایک پروقار تقریب میں ناظم الاُمور سید فراز حسین زیدی نے پاکستان کا قومی پرچم لہرایا۔

صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی اور وزیراعظم شہباز شریف کے پیغامات بھی حاضرین کو پڑھ کر سنائے گئے۔

صدر اور وزیراعظم نے اپنے اپنے پیغامات میں اہلِ وطن کو مبارکباد دی اور قوم کے بانیوں کی متحرک اور بصیرت انگیز قیادت کو خراج تحسین پیش کیا۔

انہوں نے پاکستان کو ایک مضبوط اور خوشحال ملک بنانے کیلئے بانی رہنماؤں کے وژن کو عملی جامہ پہنانے اور انتھک کوششیں کرنے کے عزم کا اعادہ کیا۔

تقریب میں بیلجیئم کے مختلف شہروں میں مقیم پاکستانی شہریوں نے بھرپور شرکت کی۔