فخر عالم نے تمغۂ امتیاز اپنے والدین کے نام کر دیا

March 24, 2023

فائل فوٹو

پاکستان شوبز انڈسٹری سے وابستہ میزبان اور گلوکار فخر عالم کو یوم پاکستان کے موقع پر تمغۂ امتیاز سے نوازا گیا جسے انہوں نے اپنے والدین کے نام کر دیا۔

میزبانی، موسیقی، اداکاری، تجارتی تنظیم کاری، سماجی کام اور انسان دوستی کے شعبوں میں نمایاں کارکردگی پیش کرنے پر گزشتہ روز فخر عالم نے یومِ پاکستان کے موقع پر منعقد ہونے والی تقریب میں صدر عارف علوی سے تمغۂ امتیاز وصول کیا۔

بعد ازاں مائیکرو بلاگنگ سائٹ ٹوئٹر پر ٹوئٹ کرتے ہوئے گلوکار و میزبان نے اپنے جذبات کا اظہار کرتے ہوئے اس اعزاز کو اپنے والدین کے نام کرتے ہوئے لکھا کہ ’آج ستارہ امتیاز حاصل کرنے کا اعزاز حاصل کیا جس پر میں اللہ اور آپ سب کا شکر گزار ہوں جو ہمیشہ مجھ پر مہربان رہے۔ میں یہ اعزاز اپنے والدین کے نام وقف کرتا ہوں جنہوں نے مجھے بے خوف ہو کر اپنے خوابوں کا تعاقب کرنے کا حوصلہ دیا اور ہمیشہ مثبت انداز میں پاکستان کی نمائندگی کرنے کی صلاحیت دی۔

خیال رہے کہ گزشتہ روز ایوان صدر اسلام آباد میں یوم پاکستان کے موقع پر سول اعزازات دینےکی تقریب ہوئی جس میں مختلف شعبوں میں گراں قدر خدمات سر انجام دینے پر مختلف شخصیات کو اعزازات سے نوازا گیا۔

اس موقع پر میزبان اور گلوکار فخر عالم کے علاوہ شوبز انڈسٹری سے وابستہ معروف مرحوم اداکار قوی خان اور اداکار بہروز سبزواری کو بھی اعزاز سے نوازا گیا۔