سستے پیٹرول پیکیج کا طریقہ کار فائنل، اعلان جلد ہوگا، مریم اورنگزیب

March 24, 2023

وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ سستا پیٹرول پیکیج کا طریقہ کار فائنل کرلیا گیا ہے، جس کا اعلان جلد کیا جائے گا۔

اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو میں مریم اورنگزیب نے کہا کہ بینظیر انکم سپورٹ پروگرام (بی آئی ایس پی) کا ڈیٹا استعمال کرکے مفت آٹے کی تقسیم کو یقینی بنایا۔

انہوں نے کہا کہ 74 ارب روپے کی سبسڈی دی جائے گی، پنجاب اور خیبرپختونخوا کی طرز پر بلوچستان اور سندھ میں جلد مفت آٹا تقسیم کیا جائے گا۔

وفاقی وزیر اطلاعات نے مزید کہا کہ اب تک 42 لاکھ مفت آٹے کے تھیلے تقسیم ہوچکے ہیں، خیبر پختونخوا میں 1 دن میں 72 ہزار جبکہ اسلام آباد میں 20 ہزار آٹے کے تھیلے تقسیم کیے گئے۔

ان کا کہنا تھا کہ مفت آٹا تقسیم میں شفافیت کو یقینی بنایا جارہا ہے، معاشی مسائل کے باوجود عوام کی خدمت کےلیے کوشاں ہیں۔

مریم اورنگزیب نے یہ بھی کہا کہ نواز شریف نے 5 سال آٹے اور چینی کی قیمت بڑھنے نہیں دی، قومی خزانہ بھرا ہوا تھا جسے لوٹا گیا۔

انہوں نے کہا کہ چینی کی قلت پیدا کی گئی، پہلے ایکسپورٹ اور پھر امپورٹ کی گئی۔