اسلام آباد، 90 بلند عمارتوں کا سروے، ستونوں میں دراڑیں نہیں پائی گئیں

March 25, 2023

اسلام آ باد ( نیوز رپورٹر) چیئرمین سی ڈی اے کیپٹن نور الامین مینگل کی ہدایت پر سی ڈی اے بلڈنگ کنٹرول ایجنسی نے اسلام آ باد شہر میں 90 بلند عمارتوں کا سروے مکمل کر لیا۔ بلڈنگ کنٹرول ایجنسی کی رپورٹ کے مطا بق کسی بھی عمارت کے ستونوں میں دراڑیں نہیں پائی گئیں۔90 میں سے 10عمارتیں زلزلے کے باعث معمولی متاثرہ پائی گئیں۔عمارتوں کے پلستر یا پھر چنائی میں معمولی دراڑیں پائی گئیں۔متاثرہ عمارتوں کے مالکان فوری طور پر دراڑوں کی مرمت کروائیں، بلڈنگ کنٹرول ایجنسی نے ہدایت کی ہے کہ مرمت نہ کروانے کی صورت میں عمارت کو خالی کرکے فوری طور پر ازسر نو بلڈنگ اور سٹرکچر کی پائیداری کا سرٹیفیکیٹ حاصل کریں۔ یہ سرٹیفکیٹ سی ڈی اے اور PEC کی رجسٹرڈ فرموں سے حاصل کئے جائیں، جن کی تھرڈ پارٹی کنسلٹنٹ سے تصدیق کروانا بھی ضروری ہوگی۔ ہاؤسنگ سوسائٹیز کو ہدایت کی گئی ہے کہ ہاؤسنگ سوسائٹیز 3 دن کے اندر ہائی رائز بلڈنگ کا سروے کرکے رپورٹ جمع کروائیں گی۔