اسٹاک مارکیٹ، مندی کا تسلسل برقرار، 434 پوائنٹس کم

March 25, 2023

کراچی (اسٹاف رپورٹر)پاکستان اسٹاک ایکسچینج، سیاسی و معاشی بے یقینی کے باعث مارکیٹ میں مندی کا تسلسل برقرار،سرمایہ کاروں کی عدم دلچسپی سے کاروباری حجم میں نمایاں کمی،کے ایس ای100انڈیکس میں 434پوائنٹس کی کمی ، 40ہزار پوائنٹس کی حد بھی برقرار نہ رہی ،66.89 فیصد کمپنیوں کے شیئرز کی قیمت کم ہو گئی،سرمایہ کاری مالیت 64 ارب 65 کروڑ 79 لاکھ روپے گھٹ گئی ،کاروباری حجم 68.52 فیصد کم ہو گیا،تفصیلات کے مطابق ایک جانب ملک کی سیاسی و معاشی صورتحال کی وجہ سے سرمایہ کار مارکیٹ میں زیادہ دلچسپی نہیں لے رہے ،دوسری جانب رمضان المبارک کے باعث نئے ٹائم ٹیبل کی وجہ سے جمعہ کو کاروباری حجم نمایاں طور پر کم رہا ،رمضان سے قبل بدھ کے سیشن میں 14 کروڑ84 لاکھ 52ہزار شیئرز کا کاروبار ہوا تھا جو کہ جمعہ کو 10 کروڑ 17 لاکھ 23ہزار شیئرز کی کمی سے 4 کروڑ 67 لاکھ 28ہزار شیئرز پر آگیا، کاروباری حجم میں بڑے پیمانے پر کمی کی وجہ سے مارکیٹ میں دن بھر مندی کا رحجان غالب رہا ۔