رمضان کے دوران صرف ایک بار عمرہ کی اجازت ہوگی، وزارت حج و عمرہ

March 26, 2023

سعودی عرب کی وزارت حج و عمرہ نے کہا ہے کہ عمرہ کے خواہشمندوں کو ماہ رمضان المبارک کے دوران صرف ایک بار ہی عمرے کی ادائیگی کی اجازت ہوگی اور اس کی دوبارہ اجازت نہیں ملے گی۔

اس اقدام کا مقصد ماہ مقدس کے دوران عمرے کے خواہشمند تمام زائرین عمرہ کو ایک موقع فراہم کرنا ہے تاکہ وہ آرام اور سکون سے عمرہ کی ادائیگی کرسکیں۔

سعودی وزارت حج و عمرہ نے زائرین عمرہ پر زور دیا کہ وہ اس مقصد کےلیے پرمٹ نسک ایپ سے حاصل کریں تاکہ انہیں بروقت سہولت حاصل ہوسکے۔

سعودی میڈیا کے مطابق عمرہ کی تاریخ میں تبدیلی نہیں ہوسکے گی لیکن وہ اپنا اپائنٹمنٹ مقررہ وقت سے قبل نسک ایپ کے ذریعے ڈیلیٹ کرسکتے ہیں اور نیا پرمٹ حاصل کرسکیں گے۔

سعودی وزارت حج و عمرہ نے اس کی تصدیق کی کہ اپائنمنٹس وقتاً فوقتاً اپ ڈیٹ ہوتی رہیں گی اور اگر زائرین ریزرویشن کی تاریخ نہ پاسکے تو وہ اس کے بعد آئندہ کا کوئی اور وقت تلاش کرسکیں گے۔