سپریم کورٹ نے آئین ری رائٹ کرکے موجودہ بحران کھڑا کیا، مریم نواز

March 26, 2023

مسلم لیگ (ن) کی سینئر نائب صدر مریم نواز نے کہا ہے کہ موجودہ بحران سپریم کورٹکی طرف سے آئین کو ری رائٹ کرنے کی وجہ سے کھڑا ہوا ہے۔

ن لیگ لائرز ونگ کی تقریب سے خطاب میں مریم نواز نے کہا کہ حمزہ شہباز کی وزارت اعلیٰ میں 25 ارکان پی ٹی آئی کی جھولی میں ڈالنے کےلیے آئین کو ری رائٹ کیا گیا۔

انہوں نے کہا کہ سپریم کورٹ کے 5 ججز نے متفقہ فیصلہ دیا کہ عمران خان نے کھلے عام آئین کی خلاف ورزی کی مگر اس کے بعد عدالت نے انہیں آرام سے گھر جانے دیا۔

ن لیگی چیف آرگنائزر نے مزید کہا کہ پوچھتی ہوں عدالت کے اس اقدام کو کیا سمجھا جائے؟حکومت نے پٹیشن دائر نہ کر کے کمزوری دکھائی، آج بھی موقع ہے، عمران خان کو سزا دلوائیں۔

ان کا کہنا تھا کہ عمران خان جب سے سیاست میں آئے ہیں پاکستان نے سکھ کا سانس نہیں لیا، پی ٹی آئی چیئرمین کی ہدایت پر ریاست نہیں چل سکتی۔

مریم نواز کا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی کی سیاست تقرریوں اور سہولت کاروں کے گرد گھومتی ہے، اب انہوں نے جوڈیشل اسٹیبلشمنٹ ڈھونڈلی ہے۔