ای سی سی اجلاس، 119 ادویات کی قیمتوں میں اضافے کی سمری موخر

March 28, 2023

اسلام آباد(نمائندہ جنگ) کابینہ کی اقتصادی رابطہ کمیٹی نے119ادویات کی قیمتوں میں اضافے اور 54نئی ادویات کی ریٹیل قیمتوں کو فکس کرنے کی سمری موخر کر دی ، ریمڈیسیور انجکشن کی قیمت برقرار رکھنے کا فیصلہ ،ریکوڈک میں حکومت بلوچستان کو 6 ارب سےزائدفراہمی کی منظوری، ای سی سی نے کورونا بیمار ی کیلئے استعمال ہونیوالے ریمڈیسیور انجکشن 100ملی گرام کی قیمت میں اضافہ نہ کرنے کا فیصلہ کیا ہے اور اس انجکشن کی موجودہ قیمت 1892روپے ہی برقرار رکھنے کا فیصلہ کیا گیا ہے، ای سی سی کا اجلاس وزیر خزانہ اسحاق ڈار کی زیر صدارت ہوا، ای سی سی نے ریکوڈک پراجیکٹ کے تصفیے میں حکومت بلوچستان کے حصے کے طور پر 31 مارچ سے 30 دسمبر 2022 تک کی مدت کیلئے نیشنل بینک کو مختصرمدت کے 65 ارب روپے مالیاتی سہولت پر مارک اپ کی مد میں 6 ارب 23 کروڑ 83 لاکھ، 58ہزار879 روپے فراہم کرنے کی منظوری دیدی ، سمری کے مطابق ریکوڈیک منصوبے کے تنازع کو حل کیلئےحکومت بلوچستان کے شیئر کے مارک اپ ادائیگی کیلئے وزارت خزانہ کو رقم کے انتظامات کرنے کی منظوری دی ، ای سی سی نے تین ہوائی اڈوں کی آؤٹ سورسنگ کیلئے لین دین کے مشیر کے طور پر بین الاقوامی مالیاتی کارپوریشن کی تقرری سے متعلق وزارت ہوا بازی کی سمری کو بھی موخر کردیا۔