جماعت اسلامی کی جیتی ہوئی نشستوں پر قبضہ قبول نہیں، حافظ نعیم

March 29, 2023

کراچی (اسٹاف ر پو ر ٹر )امیرجماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمنٰ نے کہا ہے کہ الیکشن کمیشن اور پیپلزپارٹی کی ملی بھگت سے دوبارہ گنتی کے نام پر جماعت اسلامی کی جیتی ہوئی نشستوں پر قبضہ ہرگز قبول نہیں کریں گے، ہر قسم کے آئینی وقانونی اور جمہوری طریقے استعمال کرتے ہوئے عوام کے مینڈیٹ اور اپنے ایک ایک ووٹ اورنشست کا تحفظ کریں گے،اسلام آباد ہائی کورٹ کے دوبارہ گنتی پر حکم امتناع کے فیصلے کے حوالے سے آج کی سماعت میں خود بھی شریک ہوں گا،چیف الیکشن کمشنر قانون اور ضابطے کے تحت حق و انصاف پر مبنی فیصلہ کریں،ہم فراغ دلی کے ساتھ پیپلزپارٹی کے مینڈیٹ کو تسلیم کرتے ہیں،پیپلز پارٹی بھی جماعت اسلامی کے حقیقی مینڈیٹ کو تسلیم کرے،ڈیجیٹل مردم شماری کے نام پر کراچی کے عوام کے ساتھ مذاق بند کیا جائے،ادارہ شماریات جواب دے کہ بلاک کوڈ کی سطح پر مردم شماری کیوں نہیں کی جارہی،ان خیالات کا اظہار انہوں نےادارہ نورحق میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا،اس موقع پر جنرل سکریٹری منعم ظفر خان، نائب امیر کراچی راجا عارف سلطان، ڈپٹی سکریٹری کراچی یونس بارائی،ڈپٹی سکریٹری اطلاعات صہیب احمد ودیگر بھی موجود تھے، حافظ نعیم الرحمنٰ نے خطاب کرتے ہوئے مزیدکہاکہ کراچی کے عوام نے جماعت اسلامی پر جواعتماد کیا ہے،اس پر پورا اتریں گے،ملتوی شدہ 11 نشستوں کے انتخابات اعلان کردہ شیڈول کے مطابق ہی کرائے جائیں، جماعت اسلامی ان انتخابات میں بھرپور حصہ لے گی،پی ٹی آئی ہائی کورٹ میں جماعت اسلامی کی جانب سے دائر پٹیشن میں شامل ہوجائے۔