شیکھر سمن نے بھی پریانکا چوپڑا کے دعویٰ کی تصدیق کردی

March 31, 2023

بالی ووڈ اداکار شیکھر سمن نے فلم انڈسٹری کے بارے میں پریانکا چوپڑا کے دعویٰ کی تصدیق کردی ہے، ساتھ ہی خود سے اور بیٹے ادھیان سے متعلق خیالات شیئر کیے۔

بھارتی میڈیا رپورٹکے مطابق پریانکا چوپڑا کے بعد کئی لوگوں نے فلم انڈسٹری کے تاریک پہلوؤں پر بات کرنا شروع کردی ہے۔

پریانکا چوپڑا نے کہا تھا کہ میری توجہ اب ہالی ووڈ پر ہے، میں بالی ووڈمیں لوگوں کے رویوں اور سیاست سے تھک چکی ہوں۔

بالی ووڈ کی خوبرو اداکار کے اس بیان کے بعد کئی ساتھی اداکاروں اور مداحوں نے اپنے تجربات شیئر کیے، جن میں سے ایک شیکھر سمن بھی ہیں۔

شیکھر سمن نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر اپنے خیالات پر مبنی پیغامات کی ایک سیریز شیئر کی اور کہا کہ بالی ووڈ میں میرے اور بیٹے ادھیان کے حوالے سے گینگ اپ کیا گیا اور ہمیں نشانہ بنایا گیا۔

انہوں نے کہا کہ مجھے پریانکا چوپڑا کے خیالات سن کر بالکل بھی دھچکا نہیں لگا، بالی ووڈ میں ایسا گروہ ہے جو آپ کو دباتا ہے اور ستاتا ہے، یہاں تک کہ آپ ختم نہ ہوجائیں، یہی کچھ سشانت سنگھ راجپوت کے ساتھ بھی ہوا۔

شیکھر سمن نے مزید کہا کہ ایسا دیگر کے ساتھ بھی ہوتا ہے، انہیں بھی توڑا جاتا ہے، برداشت کرلو یا چھوڑ جاؤ، خدا کا شکر ہے پریانکا نے چھوڑنے کا فیصلہ کیا۔

ان کا کہنا تھا کہ میں بالی ووڈمیں ایسے 4 افراد کو جانتا ہوں جنہوں نے مجھے اور بیٹے ادھیان کو بہت سے پروجیکٹس سے نکلوادیا۔

شیکھر سمن نے کہا کہ یہ گینگ بہت طاقتور ہے، ساتھ ہی یہ بھی سچ ہے کہ یہ صرف رکاوٹیں کھڑی کرسکتے ہیں لیکن ہمیں روک نہیں سکتے۔