• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

سُنیتا آہوجا پر ’قتل کی کوشش‘ کا الزام، کشمیرا شاہ میدان میں آگئیں

— فائل فوٹو
— فائل فوٹو

بالی ووڈ اداکار گووندا اور ان کی اہلیہ سنیتا آہوجا کے درمیان جاری تنازع کے دوران کشمیرا شاہ نے سنیتا آہوجا کی حمایت کر دی۔

گووندا اور کومل سوارنکر کے مبینہ تعلقات سے متعلق تنازع شدت اختیار کرتا جا رہا ہے۔

اب گووندا کے بھانجے کرشنا ابھیشیک کی اہلیہ اور اداکارہ کشمیرا نے حال ہی میں سنیتا آہوجا کے حق میں آواز اٹھائی ہے۔

53 سالہ اداکارہ نے کومل سوارنکر کی جانب سے سنیتا پر اپنے شوہر کو قتل کرنے کی کوشش کا الزام عائد کیے جانے کے بعد ان کی حمایت کی۔

کشمیرا نے اپنے انسٹاگرام پر جاری ایک بیان میں گووندا اور سنیتا کے گرد جاری تنازع پر بالواسطہ ردِعمل دیا۔

انہوں نے کسی کا نام لیے بغیر لکھا کہ میں جانتی ہوں کہ میں ایک مضبوط عورت ہوں اور میری شادی ایک ایسے خاندان میں ہوئی ہے جہاں خواتین بھی مضبوط ہیں۔ 

اداکارہ نے لکھا کہ ہم اکثر صرف اس لیے بدتمیز، مغرور، حاوی، اپنے مقصد پر توجہ مرکوز رکھنے والی اور خود غرض قرار دی جاتی ہیں کیونکہ ہم اپنے خاندانوں کا خیال رکھتی ہیں لیکن یہ پہلی بار ہے کہ ہمیں قاتل کہا جا رہا ہے۔ 

انہوں نے مزید لکھا کہ اگر ہر ماں، بیوی، بہن، خالہ اور یہاں تک کہ ان کے کتوں کو بھی اس ایک شخص کی حفاظت کرنے پر قاتل کہا جائے، جس سے وہ محبت کرتے ہیں تو ایسا ہی سہی، سنیتا آہوجا، مجھے فخر ہے کہ آپ ایسی عورت ہیں اور میں ہمیشہ آپ کے ساتھ کھڑی رہوں گی۔

کشمیرا شاہ کا یہ بیان کومل کی جانب سے گووندا کے ساتھ اپنے مبینہ تعلق سے متعلق تنازع پر خاموشی توڑنے کے کچھ ہی دیر بعد سامنے آیا۔

واضح رہے کہ کومل سوارنکر نے انسٹاگرام اسٹوریز پر جاری بیان میں لکھا تھا ان خواتین کی بد دعائیں کسی کو متاثر نہیں کرتیں جو برسوں سے اپنے ہی شوہر کو قتل کرنے کی کوشش کر رہی ہیں، کوئی شخص پہلے سے ٹوٹے ہوئے گھر کو کبھی برباد نہیں کر سکتا، ہمارے ملک کے لوگ اتنے بے وقوف نہیں کہ صرف کسی کے یہ کہنے پر کوے کے پیچھے بھاگنے لگیں کہ کوّا آپ کا کان لے گیا ہے۔

انٹرٹینمنٹ سے مزید