• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

دانش تیمور کو ٹرولنگ کا سامنا، عمران اشرف انکی حمایت میں سامنے آگئے

— فائل فوٹو
— فائل فوٹو

پاکستانی شوبز انڈسٹری کے معروف اداکار دانش تیمور کی حمایت میں ساتھی فنکار عمران اشرف میدان میں آگئے، ویڈیو پیغام جاری کر دیا۔

دانش تیمور اور عمران اشرف پاکستانی ڈرامہ انڈسٹری کے دو بڑے اداکار ہیں، دونوں گزشتہ کئی برسوں کے دوران متعدد کامیاب منصوبوں کا حصہ رہے ہیں اور اپنے فنی سفر میں ایک دوسرے کی حمایت بھی کرتے رہے ہیں۔

دانش تیمور حال ہی میں ایک ڈرامے میں نظر آئے ہیں، اس ڈرامے کے مختصر ویڈیو کلپ سوشل میڈیا پر وائرل ہیں۔

وائرل کلپ میں اداکار کی ڈائیلاگ کی ادائیگی کو ناظرین نے تنقید کا نشانہ بنایا، منظر میں دانش تیمور ڈائیلاگ ادا کرتے ہوئے کچھ الجھتے دکھائی دیے، جس کے بعد صارفین کی جانب سے انہیں سخت ٹرولنگ کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔

اب عمران اشرف نے دانش تیمور کی حمایت میں آواز بلند کی ہے۔

عمران اشرف نے کہا ہے کہ میں عام طور پر کسی کے معاملات یا کسی کے بارے میں بات نہیں کرتا، لیکن دانش تیمور ایک بہت بڑے اسٹار ہیں۔ انہوں نے اپنے کیریئر میں شاندار پرفارمنسز دی ہیں اور اب صرف ایک کلپ کی بنیاد پر انہیں تنقید کا نشانہ بنایا جا رہا ہے۔

عمران اشرف کے مطابق یہ صورتِ حال ظاہر کرتی ہے کہ لوگ محض دوسروں میں خامیاں تلاش کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔

انہوں نے ڈرامہ انڈسٹری میں دانش تیمور کی خدمات اور گزشتہ برسوں کے دوران دی جانے والی تمام اہم اور یادگار پرفارمنسز پر دانش تیمور کا شکریہ بھی ادا کیا۔

عمران اشرف کی جانب سے ویڈیو سامنے آنے کے بعد دانش تیمور نے بھی کمنٹس میں تبصرہ کرتے ہوئے اداکار کا شکریہ ادا کیا۔

انٹرٹینمنٹ سے مزید