بالی ووڈ کی معروف اداکارہ انوشکا شرما کے ایک آرڈر نے لاکھوں کے قرض میں ڈوبے ریسٹورنٹ کی قسمت بدل کر رکھ دی۔
بھارتی میڈیا کی رپورٹ کے مطابق ممبئی کے علاقے چیمبور میں واقع ریسٹورنٹ ’دہلی سے‘ کو دو بھائیوں، جسپال سنگھ خالصہ اور مہندر سنگھ خالصہ نے مل کر اکتوبر 2021ء میں کھولا تھا۔
ابتداء میں یہ ریسٹورنٹ محض 250 مربع فٹ کی ایک چھوٹی سی دکان تھی، جس میں 3 میز رکھی گئی تھیں جن پر صرف 9 افراد کے بیٹھنے کی گنجائش تھی۔
کاروبار شروع ہونے کے چند ماہ بعد ہی فروخت میں کمی آنے لگی اور ستمبر 2022ء تک دونوں بھائی تقریباً 18 لاکھ روپے کے مقروض ہو گئے اور حالات اس قدر خراب ہو چکے تھے کہ انہوں نے ریسٹورنٹ بند کرنے کا فیصلہ کر لیا تھا۔
ستمبر 2022ء میں معروف اسٹینڈ اَپ کامیڈین ابھیشیک اپمنیو ریسٹورنٹ پہنچے اور وہاں کے چھولے بھٹورے کھانے کے بعد انسٹاگرام پر اپنی ایک اسٹوری میں چھولے بھٹوروں کی خوب تعریف کی۔
اسٹینڈ اَپ کامیڈین کی انسٹاگرام اسٹوری کے بعد گاہکوں کی تعداد اچانک بڑھنے لگی۔
کامیڈین ابھیشیک اپمنیو کی انسٹا اسٹوری کے ذریعے انوشکا شرما کو بھی ریسٹورنٹ کا پتا چلا جوکہ پہلے ہی اپنے شوہر، کرکٹر ویرات کوہلی کے لیے ممبئی میں دہلی کے روایتی ذائقے والے چھولے بھٹورے تلاش کر رہی تھیں۔
انوشکا شرما نے آرڈر کر کے 2 پلیٹ چھولے بھٹورے ممبئی کے علاقے جوہو میں اپنے گھر پر منگوائے۔
اس حوالے سے ریسٹورنٹ کے مالک جسپال سنگھ نے بتایا کہ ایک روز مجھے فون آیا اور دو پلیٹ چھولے بھٹورے ممبئی کے علاقے جوہو پہنچانے کا آرڈر دیا گیا۔
اُنہوں نے بتایا کہ اس وقت ایک پلیٹ کی قیمت صرف 120 روپے تھی اور جوہو تک آنے جانے کا خرچ آرڈر کی قیمت سے بھی زیادہ تھا، اس لیے فون کرنے والی خاتون نے اضافی ڈیلیوری چارجز ادا کرنے کی یقین دہانی کروائی اور رقم منتقل کرنے کے لیے بینک اکاؤنٹ کی تفصیلات مانگیں۔
جسپال سنگھ نے بتایا کہ جب خاتون نے بینک اکاؤنٹ کی تفصیلات مانگیں تو مجھے شک ہوا کہ شاید کوئی میرے ساتھ مذاق یا فراڈ کر رہا ہے، خاتون نے کئی مرتبہ فون کیا لیکن میں بینک اکاؤنٹ کی تفصیلات دینے سے ہچکچاتا رہا تو بالآخر خاتون نے بتایا کہ وہ ویرات کوہلی کے گھر سے بات کر رہی ہیں۔
اُنہوں نے بتایا کہ مجھے یقین ہی نہیں آ رہا تھا کہ میری ایک معمولی سی دکان سے اتنے بڑے کرکٹر کے گھر کھانا منگوایا جا رہا ہے۔
جسپال سنگھ نے بتایا کہ کھانا پہنچانے کے بعد مجھے دوبارہ فون آیا اور انوشکا شرما کی انسٹاگرام پوسٹ دیکھنے کے لیے کہا گیا۔
اداکارہ نے اپنی پوسٹ میں خوشی کا اظہار کرتے ہوئے بتایا کہ ممبئی میں دہلی جیسے چھولے بھٹورے تلاش کرنے کی میری کوشش بالآخر کامیاب ہو گئی ہے، اداکارہ نے اپنی پوسٹ میں اس ریسٹورنٹ کے بارے میں معلومات فراہم کرنے کے لیے ابھیشیک اپمنیو کا شکریہ بھی ادا کیا۔
جسپال سنگھ نے بتایا کہ انوشکا شرما کی پوسٹ سامنے آنے کے محض آدھے گھنٹے کے اندر ریسٹورنٹ کے باہر اتنا بڑا ہجوم جمع ہو گیا کہ میں اور میرا بھائی حیران رہ گئے۔
اُنہوں نے بتایا کہ گاہکوں کی تعداد مسلسل بڑھنے لگی، فون بجنا بند نہیں ہو رہے تھے اور ریسٹورنٹ کے باہر اتنا بڑا ہجوم جمع ہو گیا کہ قابو کرنے کے لیے پولیس کو آنا پڑا۔
جسپال سنگھ اور مہندر سنگھ کے مطابق اب ممبئی میں ان کے ریسٹورنٹ کی 4 برانچز ہیں، تمام برانچوں میں روزانہ 3 ہزار سے زائد پلیٹیں فروخت ہوتی ہیں، مشکل دور میں جو ماہانہ فروخت محض ایک ڈیڑھ لاکھ روپے تھی وہ اب بڑھ کر تقریباً 2 کروڑ روپے تک پہنچ چکی ہے۔