ہائبرڈ ماڈل فی الحال صرف ایشیا کپ کیلئے، پی سی بی، تجویز اے سی سی کے زیر غور ہے

April 01, 2023

کراچی( اسٹاف رپورٹر) پاکستان کر کٹ بورڈ کا کہنا ہے کہ ایشیا کپ کی میزبانی کے حوالے سے ایشین کر کٹ کونسل کے حکام کے ساتھ رابطے میں ہیں، ہائی برڈ ماڈل فی الحال صرف ایشیا کپ کیلئے ہے، ورلڈکپ سے متعلق موقف میگا ایونٹ کے موقع پر پیش کیا جائے گا۔بورڈ نے کہا ہے کہ ایشیا کپ کے میزبان ملک پاکستان ہے ، کسی غیر جانبدار مقام پر انعقاد کے حوالے سے ہمارا موقف ہے کہ بھارتی بورڈ کے بیانات سے پیدا ہونے والے تعطل کو ختم کیا جائے، اس سلسلے میں بورڈ کے چیئرمین نجم سیٹھی نے ایشین کر کٹ کونسل کے حکام کو ہائبرڈ ماڈل دیا ہے جس کے تحت بھارتی کر کٹ ٹیم کے پاکستان نہ آنے کی صورت میں اس کے میچز غیر جانب دار مقام پر کرائے جائیں جبکہ ایونٹ کے تمام دیگر مقابلے پاکستان میں ہی ہوں گے،ہماری یہ تجویز ایشین کر کٹ کونسل میں زیر غور اور زیر بحث ہے، بورڈ نے کہا کہ پی سی بی نے ہائبرڈ ماڈل کو آئی سی سی میں پیش نہیں کیا ہے،پی سی بی صرف اے سی سی ایشیا کپ کی میزبانی پر اے سی سی کے ساتھ بات چیت کر رہا ہے اور آئی سی سی کے ساتھ ورلڈ کپ کے حوالے سے کوئی مذاکرات نہیں ہوئے ہیں، ورلڈ کپ کے حوالے سےصحیح وقت پر آئی سی سی کے مناسب فورم پر ہائبرڈ ماڈل کی وکالت بھر پور انداز میں کی جائے گی،یہ بات قابل ذکر ہے کہ ایشیا کپ میں بھارتی کر کٹ ٹیم کے پاکستان نہ آنے کی صورت میں پاکستان نے بھی رواں سال اکتوبر میں بھارت میں کھیلے جانے والے ورلڈ کپ کے میچز بھارت میں جاکر کھیلنے سے انکار کردیا ہے۔ پی سی بی مینجمنٹ کمیٹی کے چیئرمین نجم سیٹھی کا کہنا ہے کہ پہلے بھارتی ٹیم ایشیا کپ کھیلنے پاکستان آئے پھر پاکستان کی ٹیم ورلڈ کپ کے لیے بھارت جائے گی۔ ایشیا کپ پر ہمارا یہی موقف ہے کہ بھارت پاکستان نہیں آئے گا تو ہم بھی ورلڈ کپ کے لیے بھارت نہیں جاسکتے۔ انہوں نے کہا کہ بھارت اس معاملے کو سیاسی مسئلہ نہ بنائے، حکومت کا جو بھی فیصلہ ہوگا ہم اسے مدنظر رکھیں گے۔