گیس بندش

April 01, 2023

رمضان ا لمبارک کا پہلا عشرہ آج تکمیل پارہا ہے مگر اس عرصے کے دوران کراچی سمیت کئی شہروں میں سحروافطار کے اوقات میں گیس کی تکلیف دہ لوڈ شیڈنگ میں کمی نہیں آئی۔متعدد خاندانوں میں اینٹوں کوچولہے کی شکل دے کر اس پر ضروری اشیا پکانے کی کوشش کی جارہی ہے جبکہ متمول گھرانے سحری کیلئے بازار سے لائے گئے کھانے پر انحصار کررہے ہیں۔ افطار کے اوقات میں بازار میں ضروری سامان تیار کرنے والوں اور مالکان ہوٹل کی بن آئی ہے۔جبکہ گھروں میں گیس کی بندش کے باعث کئی خاندانوں کو نقل مکانی کرنا پڑا ہے۔ کراچی میں کورنگی ،لیاری، کھارادر، لیاقت آباد، نارتھ کراچی، سرجانی ،گارڈن، ملیر، گلستان جوہراسکیم33، گلشن اقبال،بلدیہ ٹائون، لانڈھی، شاہ فیصل کالونی کے مختلف علاقوں میں گیس کی لوڈ شیڈنگ چل رہی ہے۔ کئی علاقوں میں سحروافطار کے اوقات میں گیس کی بندش کا سلسلہ جاری ہے جبکہ متعدد علاقوں میں مذکورہ اوقات میں گیس کے کم پریشر کی شکایات ہیں۔ یہ وطن عزیز اس وقت ایندھن کی کمی سمیت جن مشکلات سے دوچار ہے ان میں ہر شعبے میں کفایت کی ضرورت ہے۔ ہرچیز احتیاط سے استعمال کی جانی چاہیے تاکہ کوئی چیز غیر ضروری طور پر خرچ نہ ہو۔ مگر ہمارے ہاں بسا اوقات یہ گما ن ہوتا ہے کہ احکامات پر عملدرآمد کی مناسب منصوبہ بندی نہیں ہوتی۔ کہاں ،کس وقت، کس چیز کی شدید ضرورت ہے؟ کس علاقے میں کن اوقات میں پانی، گیس سمیت ضروری اشیا کے غیر محتاط استعمال کی روک تھام ہونی چاہیے؟ یہ ایسے موضوعات ہیں جن پر تحقیق کے بعد منصوبہ اور نقشہ بننا چاہیے تاکہ اس پرصحیح وقت پردرست انداز میں عمل کیا جاسکے۔سب کچھ ماتحت عملے کی صوابد ید پر چھوڑاجانا مناسب نہیں۔منصوبہ بندی کے ساتھ صارفین کی ضروریات کی تکمیل اوران کی مشکلات کا ازالہ ادارے کی ذمہ اری ہےجسے پورا کیا جانا چاہئے۔

اداریہ پر ایس ایم ایس اور واٹس ایپ رائے دیں00923004647998