ترقی کا نیا دور

May 01, 2023

تاریخ کی بھی تاریخ ہے کہ یہ سچ چھپاتی نہیں جھوٹ پھیلاتی نہیں،تاریخ یہ ضرور بتائے گی کہ چار سال تک عوام کو سراب دکھانے والا بیدخلی کے بعد بھی زمان پارک میں اپنی ہی پارٹی کے ارکان کو دھوکہ دینے کے مشن پر لگا رہا، چونکہ زکوٰۃ کا دھندا زمین بوس ہوگیا تھا تو اس نے چندہ و دیگر فنڈز کی آڑ میں پنجاب اسمبلی کے امیدواران سےاربوں روپے اینٹھ لئے،عوام جان چکے ہیں کہ ایک طرف انتخابات کے نام پر انتشار پھیلانے والا ٹولہ ہے جبکہ دوسری جانب دیوالیہ ہونے سے بچانے اور ملک کو مستحکم بنانے والی ٹیم ہے جو پہلے دن سے ہی ریاست بچانے کے مشن پر جٹی ہوئی ہے، شاباش ہے اس ٹیم پر کہ جس نے خدائے بزرگ و برتر کی مدد سے آئی ایم ایف سے معاہدے سے پہلے ہی ملک کو دیوالیہ ہونے سے بچا لیا ہے، آئی ایم ایف کو تمام تر گارنٹیاں مل چکی ہیں جس کے بعد پاکستان کے ساتھ معاہدہ ہفتہ دس دن میں ہوجائیگا جس کے بعد پاکستان کی ترقی کا نیا دور شروع ہوگا اور زمان پارک پر مایوسی کی بجلی گرے گی جو اسے جلا کر خاکستر کردے گی۔

خطے کا منظر نامہ تیزی سے تبدیل ہورہا ہے،چین نےسعودی عرب اور ایران کے درمیان اختلاف کی لکیر مٹا کرپاکستان کو اس اہم مثلث میں بطور لازمی عنصر شامل کرلیا لیکن مسلم امہ کا خود ساختہ جعلی بے خبر لیڈر زمان پارک میں بیٹھا جھوٹ کی گردان کرتا رہا، دوسری جانب وزیراعظم کی سربراہی میں پاکستان بچائو ٹیم دو محاذوں پر کام کرتی رہی، ایک ٹیم پاکستان کو مالیاتی اور سیاسی بحران سے بچانے کی عملی کوششیں کرتی رہی جبکہ دوسری ٹیم چیف آف آرمی سٹاف کی سربراہی میں چین میں اپنا فرض ادا کرتی رہی، جس کے بعد آنیوالی خوشی کی خبر تو یہ ہے کہ قرض نہیں بھاری بھرکم سرمایہ کاری پاکستان میں آرہی ہے جو یقیناً صرف یہود و ہنود اور انکے پیروکاروں کو ہی پسند نہیں آئیگی، ملک کے حقیقی وارثان اور محافظان متفقہ فیصلہ کرچکے ہیں کہ مادر وطن کے استحکام کو یقینی بنانے کیلئے اسکی ترقی کی راہ میں روڑے اٹکانے والوں کو قطعاً برداشت نہیں کیا جائیگا،اس امر کی خبر بھی زبان زد عام ہوگئی ہے جس کے بعد انصافی سہولت کاروں پر واضح ہوگیا ہے کہ ایدھی سے بھی چندہ بٹورنے والے کی راہ پر چلنا بے سود ہوگا،نہ ہمارا کوئی آگا نہ کوئی پیچھا،کس کے بل پر اچھل کود کریں،ایسا نہ ہو کہ کہیں پنشن ہی ضبط ہوجائے یہ سوچ کر تین سہولت کار تو پتلی گلی سے نکل گئے ہیں جس کے بعد باقی بھی انکے پیچھے کا راستہ پکڑ لیں گے۔

چار سال میں فلم سراب کی نمائش کرنیوالے اور پنجاب اسمبلی کے الیکشن کے امیدواران سے اربوں روپے ٹھگ لینے والے کو کوئی خبر کرے کہ حقیقی رد الفساد شروع ہوچکا ہے،مادر وطن کی حقیقی ترقی کا نیا دور دوبارہ سے شروع ہونے کو ہے، سعودی عرب، ایران، چین اور پاکستان ایک ایسی لڑی میں پروئے جاچکے ہیں جہاں سے اس خطے میں تبدیلی آئیگی۔

پٹرول کی قیمتیں کم ہونے کے بعد مہنگائی میں کمی آئیگی،آئندہ انتخابات میں عوام ملک کو تباہی کے دہانے پر پہنچانے والے، ملاقاتیوں سے کروڑ کروڑ روپے وصولنے والے فسادی کو بری طرح سے مسترد کردیں گے، عوام برملا کہہ رہے ہیں کہ مذاکرات کیلئے اسے لوٹے ہی ملے، کیا اسکی پارٹی میں ایک بھی ایسا قابل شخص نہیں ہے جو کہ نام نہاد بائیس سالہ جدوجہد میں اسکے ساتھ رہا ہوتا؟ پرویز الہٰی کے گھر کا گیٹ توڑنے کے معاملہ پرآسمان سر پر اٹھانے والوں سے سوال ہے کہ وہ اس وقت ایک لفظ بھی کیوں نہ بولے جب ہوٹل میں مریم نواز کے کمرے کا دروازہ توڑا گیا،اسحاق ڈار کے گھر کا قیمتی سامان لوٹ لیا گیا، کھوکھر پیلس میں بھاری مشینری سے توڑ پھوڑ کی گئی۔

(کالم نگار کے نام کیساتھ ایس ایم ایس اور واٹس ایپ رائےدیں00923004647998)