ڈارک ویب مارکیٹ کے خلاف بین الاقوامی پولیس کی کارروائی، 288 گرفتار

May 03, 2023

کراچی(اے ایف پی)بین الاقوامی پولیس یوروپول نے ڈارک ویب مارکیٹ مونوپولی کے خلاف کریک ڈاون کرتے ہوئے 288 مشتبہ افراد کو گرفتار کرلیا ہے، گرفتار افراد سے 54 ملین ڈالر سے زائد کی نقد رقم اور ورچوئل کرنسی برآمد ہوئی ہے، یوروپول کا کہنا ہے کہ گرفتار مشتبہ افراد ڈارک ویب پر منشیات کی خرید و فروخت میں ملوث ہیں۔ مشترکہ آپریشن میں امریکا، برطانیہ، برازیل اور یورپی یونین میں قانون نافذ کرنے والے ادارے شامل رہے۔ یوروپول نے مزید بتایا کہ کارروائی میں ایک ٹن منشیات اور 117 آتشیں اسلحہ بھی برآمد ہوا۔ یوروپول کے مطابق کارروائی میں امریکا اور یورپ سمیت 9 ممالک کے اہلکاروں نے شرکت کی۔یوروپول نے کہا کہ مشتبہ افراد کو یورپ، برطانیہ، امریکا اور برازیل سے گرفتار کیا گیا۔گرفتار کئے گئے افراد میں 153 امریکا ، 55 برطانیہ، جرمنی 52 اور نیدر لینڈ سے 10 افراد شامل ہیں۔