پورٹ فولیو منصوبہ بندی کا مرحلہ وار طریقہ

May 16, 2023

طویل مدتی سرمایہ کاری کی حکمت عملی بنانا کسی بھی فرد کے لیے اہم ہے، جو اسے اعتماد اور اپنے مستقبل کے بارے میں وضاحت کے ساتھ سرمایہ کاری کرنے کے قابل بنا سکتی ہے۔ سرمایہ کاری کے لیے درست پورٹ فولیو کی منصوبہ بندی پر عمل کرنے کی ضرورت ہوتی ہے جو کہ پانچ ضروری مراحل پر مشتمل ہوتا ہے۔

موجودہ صورتحال کا اندازہ لگائیں

مستقبل میں سرمایہ کار جو بننا چاہتا ہے، اس کی منصوبہ بندی کے لیے سرمایہ کار کی موجودہ صورت حال کی واضح تفہیم کی ضرورت ہوتی ہے۔ اس کے لیے موجودہ اثاثوں، واجبات، کیش فلو اور سرمایہ کار کے اہم ترین اہداف کی روشنی میں سرمایہ کاری کا مکمل جائزہ لینا چاہیے۔ اہداف کو واضح طور پر بیان کرنے اور ان کی تعداد کا تعین کرنے کی ضرورت ہے تاکہ تشخیص کا عمل موجودہ سرمایہ کاری کی حکمت عملی اور بیان کردہ اہداف کے درمیان کسی فرق کی نشاندہی کر سکے۔ اس مرحلے پر سرمایہ کار کی اقدار، عقائد اور ترجیحات کے بارے میں کھل کر بات چیت کرنے کی ضرورت ہے کیونکہ یہ سبھی سرمایہ کاری کی حکمت عملی تیار کرنے کا راستہ طے کرتے ہیں۔

سرمایہ کاری کے مقاصد ترتیب دیں

سرمایہ کاری کے مقاصد کو ترتیب دینا سرمایہ کار کے رسک ریٹرن پروفائل کی شناخت کے گرد گھومتا ہے۔ اس بات کا تعین کرنا کہ ایک سرمایہ کار کتنا خطرہ مول لینے کے لیے تیار اور قابل ہے، اور سرمایہ کار کتنے اتار چڑھاؤ کو برداشت کر سکتا ہے، پورٹ فولیو حکمت عملی وضع کرنے کی کلید ہے جو خطرے کی قابل قبول سطح کے ساتھ مطلوبہ منافع فراہم کر سکتی ہے۔ ایک بار قابل قبول رسک ریٹرن پروفائل تیار ہو جانے کے بعد پورٹ فولیو کی کارکردگی کو ٹریک کرنے کے لیے بینچ مارکس قائم کیے جا سکتے ہیں۔ بینچ مارکس کے حساب سے پورٹ فولیو کی کارکردگی کو ٹریک کرنا تھوڑی بہت ترمیم کی اجازت دیتا ہے۔

اثاثوں کی تقسیم کا تعین کریں

رسک ریٹرن پروفائل کا استعمال کرتے ہوئے سرمایہ کار اثاثے مختص کرنے کی حکمت عملی تیار کر سکتا ہے۔ مختلف ایسٹ کلاسز (asset classes) اور انویسٹمنٹ آپشنز میں سے انتخاب کرتے ہوئے سرمایہ کار اثاثوں کو اس طریقے سے مختص کر سکتا ہے جس سے متوقع منافع کو ہدف بناتے ہوئے زیادہ سے زیادہ تنوع حاصل ہو۔ سرمایہ کار پورٹ فولیو کے لیے قابل قبول اتار چڑھاؤ کی بنیاد پر مختلف ایسٹ کلاسز کو شرح میں بھی تقسیم کر سکتا ہے، بشمول اسٹاک، بانڈ، نقد اور متبادل سرمایہ کاری۔

اثاثے مختص کرنے کی حکمت عملی سرمایہ کار کی موجودہ صورتحال اور اہداف پر مبنی ہوتی ہے اور عام طور پر زندگی میں تبدیلیاں رونما ہونے پر اسے ایڈجسٹ کیا جاتا ہے۔ مثال کے طور پر، ایک سرمایہ کار اپنی ریٹائرمنٹ کے ہدف کی تاریخ کے جتنا قریب پہنچتا ہے، وہ اتار چڑھاؤ اور خطرے والے ایسٹ کلاس میں اپنے مختص اثاثوں میں تبدیلی کرسکتا ہے۔

سرمایہ کاری کے آپشنز منتخب کریں

انفرادی سرمایہ کاری کا انتخاب اثاثے مختص کرنے کی حکمت عملی کے پیرامیٹرز کی بنیاد پر کیا جاتا ہے۔ منتخب کردہ سرمایہ کاری کی مخصوص قسم کا انحصار زیادہ تر فعال یا غیر فعال انتظام کے لیے سرمایہ کار کی ترجیح پر ہوتا ہے۔ ایک فعال طور پر منظم پورٹ فولیو میں انفرادی اسٹاک اور بانڈ شامل ہو سکتے ہیں۔

تاہم، اگر کافی تعداد میں اثاثے ہوںتو زیادہ سے زیادہ تنوع حاصل کیا جاسکتا ہے۔ چھوٹے پورٹ فولیو پیشہ ورانہ طور پر منظم فنڈز، جیسے میوچل فنڈز یا ایکسچینج ٹریڈڈ فنڈز کے ذریعے مناسب تنوع حاصل کر سکتے ہیں۔ سرمایہ کار مختلف ایسٹ کلاسز اور اقتصادی شعبوں سے منتخب کردہ انڈیکس فنڈز کے ساتھ غیر فعال طور پر منظم پورٹ فولیو بناسکتا ہے۔

مانیٹر، پیمائش اور ری بیلنس

پورٹ فولیو پلان کو نافذ کرنے کے بعد انتظامی عمل شروع ہوتا ہے۔ اس میں سرمایہ کاری کی نگرانی اور بینچ مارکس کی نسبت پورٹ فولیو کی کارکردگی کی پیمائش شامل ہے۔ باقاعدگی سے وقفوں پر سرمایہ کاری کی کارکردگی (عام طور پر سہ ماہی) پر رپورٹ کرنا اور پورٹ فولیو پلان کا سالانہ جائزہ لینا ضروری ہے۔ سال میں ایک بار سرمایہ کار کی صورتحال اور اہداف کا جائزہ لیا جاتا ہے تاکہ یہ تعین کیا جا سکے کہ آیا کوئی اہم تبدیلیاں تو نہیںہوئیں۔

پھر پورٹ فولیو کا جائزہ اس بات کا تعین کرتا ہے کہ آیا سرمایہ کار کے رسک ریوارڈ پروفائل کو ٹریک کرنے کے لیے مختص اثاثے کیا ابھی بھی ہدف پر ہیں۔ اگر ایسا نہیں ہے تو پھر پورٹ فولیو کو متوازن کیا جا سکتا ہے، مثلاً اپنے اہداف حاصل کرنے والی سرمایہ کاری کو فروخت کیا جاسکتا ہے اور ایسی سرمایہ کاری خریدی جا سکتی ہے جس میںاوپر جانے کا زیادہ امکان ہو۔

زندگی بھر کے اہداف کے لیے سرمایہ کاری کرتے وقت، پورٹ فولیو کی منصوبہ بندی کا عمل کبھی نہیں رکتا۔ جیسے جیسے سرمایہ کار اپنی زندگی کے مراحل سے گزرتے ہیں، تبدیلیاں رونما ہو سکتی ہیں، جیسے کہ ملازمت میں تبدیلی، پیدائش، اموات یا سکڑتے ہوئے ٹائم ہورائزن، جن کے لیے ان کے اہداف، رسک ریوارڈ پروفائلز یا اثاثہ مختص کرنے کی ضرورت پڑ سکتی ہے۔

جیسے ہی تبدیلیاں رونما ہوتی ہیں، یا جیسے ہی مارکیٹ یا معاشی حالات تعین کرتے ہیں، پورٹ فولیو کی منصوبہ بندی کا عمل نئے سرے سے شروع ہوتا ہے، اس بات کو یقینی بنانے کے لیے کہ سرمایہ کاری کی صحیح حکمت عملی موجود ہے۔