5 ہفتے قبل ماں بننے والی تیراک کی بہن کے ہمراہ نیشنل گیمز میں شرکت

May 26, 2023

گیارہ برس کی عمر میں نیشنل گیمز میں 7 گولڈ میڈلز سمیت 12 میڈلز جیتنے والی سوئمر کرن خان اب نیشنل گیمز میں ماں بننے کے بعد کم عمر سوئمرز کے ساتھ مقابلہ کر رہی ہیں۔

پانچ ہفتے قبل کرن خان دوسری مرتبہ ماں بنی ہیں اور وہ کہتی ہیں کہ سوئمنگ میں تاریخ بنانا چاہتی ہوں تاکہ زیادہ سے زیادہ لڑکیاں کھیل کی طرف آئیں اور ماں بننے کے بعد بھی کھیل کو جاری رکھیں۔

لاہور میں نیشنل گیمز کے سوئمنگ مقابلے نشتر پارک اسپورٹس کمپلیکس میں شروع ہوگئے ہیں۔

اولمپین کرن خان بہن بسمہ خان کے ساتھ پاکستان آرمی کی نمائندگی کر رہی ہیں۔ کرن خان نے پچاس میٹر بٹر فلائی میں سلور میڈل جیتا ہے۔

کرن خان نے جیو نیوز سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ تجربہ کار ہونے کا فائدہ تو ہے لیکن نئی سوئمرز کے ساتھ مقابلہ کرنے کے لیے محنت بھی کرنا پڑتی ہے۔

انہوں نے کہا کہ بسمہ خان پاکستان کا مستقبل ہے، ہم دونوں بہنیں ایک ٹیم میں ہیں جس کا ایک دوسرے کو فائدہ ہوتا ہے، مجھے اچھا لگتا ہے کہ آج کے بچوں کے ساتھ مقابلہ کروں اور ان تک پہنچوں۔

کرن خان نے بتایا کہ دوبارہ سوئمنگ پول میں واپسی پر بہت اچھا لگ رہا ہے، میں نئی سوئمرز کا مقابلہ کر کے انجوائے کر رہی ہوں، میں پانچ ہفتے قبل ہی دوسری مرتبہ ماں بنی ہوں۔

انہوں نے کہا کہ میرا پیغام یہی ہے کہ ماں بننے کے بعد کھیل کو مت چھوڑیں، مجھے فیملی کی بہت سپورٹ حاصل ہے، میرے شوہر اور والد بہت ساتھ دیتے ہیں۔

اولمپین بسمہ خان نے کہا کہ کرن خان کو جب گولڈن گرل کا خطاب ملا تھا تب میں پیدا بھی نہیں ہوئی تھی اور اب میں ان کے ساتھ مقابلہ کرتی ہوں اور انٹرنیشنل اور نیشنل مقابلوں میں حصہ لیتی ہوں۔

انہوں نے کہا کہ مجھے بہت اچھا لگتا ہے، مجھے ان سے سیکھنے کا موقع ملتا ہے، وہ ماں بننے کے بعد کھیل جاری رکھے ہوئے ہیں جو کہ سب کے لیے مثال ہے۔