ہامون جادوگر کاحکومت سے شکوہ

May 29, 2023

ماضی کے مقبول ترین ڈرامہ سیریل ’عینک والا جن‘ میں ہامون جادوگر کا کردار نبھانے والے اداکارحسیب پاشا نے سرکاری سطح پر نہ سراہے جانے پر حکومت سے شکوہ کرتے ہوئے مایوسی کا اظہار کیا۔

حسیب پاشا عرف ہامون جادوگر نے حال ہی میں ایک پوڈ کاسٹ میں شرکت کی، جہاں انہوں نے ماضی کے مقبول ترین ڈرامہ سیریل ’عینک والا جن‘ اور اس سے جڑی یادوں کو تازہ کیا اور ساتھ ہی ماضی کے فنکاروں کی حالت زار پر افسوس کا اظہار بھی کیا۔

انہوں نے میزبان کے سوال کہ انہیں اب تک کون کون سے سرکاری اعزازات سے نوازا گیا ہے؟ کے جواب میں حکومت سے شکوہ کرتے ہوئے کہا کہ میرا نام سرکاری اعزاز کے لئے 4 بار صوبائی حکومت کی جانب سے وفاق کو بھیجا گیا لیکن وفاقی حکومت نے میرا اعزاز کسی اور فنکار کو دے دیا۔

حسیب پاشا نے اس سوال کا جواب دیتے ہوئے مزید کہا کہ وہ گزشتہ 40 برس سے بچوں کے لئے کام کر رہے ہیں، آن ایئر بھی کام کیا اور اب اسٹیج پر لائیو پرفارمنس بھی دے رہے ہیں۔ اس کے علاوہ سرکاری سطح پر ملک میں اور بیرون ملک بھی کام کیا ہے، یونیسیف اور نیشنل ایکشن پلان کے تعاون سے بھی کام کیا، ڈینگی سے متعلق آگاہی مہم کا بھی حصہ بنے۔

انہوں نے مزید کہا کہ ملک میں بچوں کے لئے کوئی کام نہیں ہو رہا اور وہ واحد فنکار ہیں جو گزشتہ 40 برس سے خاص بچوں کے لئے کام کررہے ہیں ان کی خدمات کو نظر انداز کرکے نئے فنکاروں کو اعزاز سے نوازا جاتا ہے۔

انہوں نے اداکارہ مہوش حیات کا نام لیتے ہوئے کہا کہ میں نے ان کا کام نہیں دیکھا، ہوسکتا ہے انہوں نے بہت چند ڈراموں میں اچھا کام کیا ہوگا لیکن پرانے فنکاروں کو چھوڑ کر نئے فنکاروں کو اعزاز سے نوازنا پرانے فنکاروں کے ساتھ ناانصافی ہے۔

حکومت کو بعد از مرگ یاد آتا ہے کہ انہیں بھی نوازنا چاہئے تھا، جب وہ ان لمحوں سے لطف اندوز ہونے کے لیے زندہ ہی نہیں تھے۔