فہیم اشرف کس سے شادی کرنے والے ہیں؟

May 29, 2023

پاکستان کرکٹ ٹیم کے آل راؤنڈر فہیم اشرف نے اپنے حالیہ انٹرویو کے دوران ایک سوال کے جواب میں بتا دیا کہ وہ کس لڑکی سے شادی کرنے والے ہیں۔

گزشتہ دنوں قومی کھلاڑی فہیم اشرف نے نجی چینل کے ایک پروگرام میں شرکت کی، جہاں ان سے میزبان کے ساتھ ساتھ شرکاء نے بھی دلچسپ سوال و جواب پوچھے۔

پروگرام میں شریک ایک مداح نے شعیب ملک اور حسن علی کی مثال دیتے ہوئے ان سے سوال کیا کہ بیشتر کرکٹر بھارتی لڑکیوں سے شادی کرتے ہیں تو کیا آپ بھی بھارتی لڑکی سے شادی کریں گے یا پھر کسی اور سے؟

مداح کے سوال کا جواب دیتے ہوئے فہیم اشرف نے کہا کہ میں پاکستانی لڑکی سے شادی کروں گا اور لڑکی والدین کی پسند کی ہوگی۔

قومی کرکٹر کے جواب پر میزبان نے سوال کیا کہ والدین کہاں رہتے ہیں، جس پر فہیم اشرف نے بتایا کہ پھول نگر میں۔

میزبان نے فہیم اشرف کے مداحوں کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ فہیم اشرف پاکستانی لڑکی سے شادی کریں گے اور لڑکی کا تعلق پھول نگر سے ہوگا، جس پر کھلاڑی نے کہا کہ دعا کریں کہ انہیں لڑکی پسند آجائے۔