جنوبی کوریا کا کم جونگ اُن کی خرابیٔ صحت سے متعلق بڑا دعویٰ

June 01, 2023

فائل فوٹو

غیر ملکی میڈیا کے مطابق جنوبی کوریا کی انٹیلی جنس ایجنسی نے کہا ہے کہ شمالی کوریا کے رہنما کم جونگ اُن نیند کی خرابی اور ممکنہ طور پر شراب اور نکوٹین کی عادت میں مبتلا ہو سکتے ہیں۔

رپورٹس کے مطابق شمالی کوریا کے حکام نیند کی خرابی کی بیماری کے شکار اعلیٰ عہدے داروں کے لیے بیرون ملک طبی معلومات اکٹھا کر رہے ہیں جن میں اس کے علاج کے لیے استعمال ہونے والی ادویات کی تفصیلات بھی شامل ہیں۔

غیرملکی میڈیا کے مطابق جنوبی کوریا کی حکمران جماعت پیپلز پاور پارٹی کے رکن یو سانگ نے نیشنل انٹیلیجنس سروس کی بریفنگ کی تفصیلات میڈیا سے شیئر کیں۔

انہوں نے کہا کہ شمالی کوریا نے حال ہی میں کئی برانڈز کی بڑی تعداد میں غیرملکی سگریٹس اور شراب کے ساتھ پیش کیے جانے والے اعلیٰ قسم کے اسنیکس درآمد کیے ہیں۔

انہوںنے کم جونگ اُن کی تصویروں کا مصنوعی ذہانت کے ذریعے حاصل ہونے والے تجزیے کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ ایسا لگتا ہے کہ کم جونگ کا وزن بھی بڑھ گیا ہے اور میرے مطابق شمالی کوریا کے رہنما کا وزن 140 کلو گرام سے زیادہ ہے۔

امریکی میڈیا کے مطابق یو سانگ نے کہا کہ ایسا لگتا ہے کہ کم جونگ شراب اور تمباکو نوشی کے عادی ہوچکے ہیں جس سے نیند کی خرابی کی بیماری کے امکانات بڑھ جاتے ہیں، وہ 16 مئی کو آنکھوں کے گرد واضح سیاہ حلقوں کے ساتھ تھکے ہوئے نظر آئے اور وہ علاج کے لیے دوائیں بھی استعمال کر رہے ہیں۔