جون کے دوران ملک میں معمول یا معمول سے کم بارشیں متوقع، محکمہ موسمیات

June 01, 2023

محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ جون کے دوران ملک میں معمول یا معمول سے کم بارشیں متوقع ہیں۔

جون کے موسمیاتی جائزے کے مطابق سندھ، جنوبی بلوچستان، وسطی اور جنوبی خیبر پختونخوا میں معمول کی بارشیں متوقع ہیں۔

پنجاب، کشمیر اور شمالی بلوچستان میں معمول سے کچھ کم بارشیں ہوسکتی ہیں۔

محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ خیبرپختونخوا کے شمالی علاقوں اور گلگت بلتستان میں معمول سے زائد بارشیں ہوسکتی ہیں۔

بلوچستان، گلگت بلتستان، کشمیر میں درجہ حرارت معمول سے تھوڑا زیادہ رہ سکتے ہیں۔

محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ موجودہ موسمیاتی صورتحال بارشوں، آندھی گرج چمک، کبھی کبھار ژالہ باری کیلئے موزوں ہیں، ان موسمی حالات میں فصلوں، انفرااسٹرکچر اور تعمیرات کیلئے نقصان کا اندیشہ رہے گا۔

پاکستان کے بالائی علاقوں میں معمول سے زائد بارشیں، زائد درجہ حرارت دریاؤں میں بہاؤ بڑھا سکتا ہے، دریاؤں میں پانی کا اضافہ آب پاشی، بجلی کی پیداوار کیلئے فائدہ مند ہوگا۔

محکمہ موسمیات نے مزید کہا کہ کسان فصلوں کیلئے بارشوں پر نظر رکھتے ہوئے زمین میں نمی کی سطح برقرار رکھنے کیلئے اقدامات کریں۔