پی ایم ڈی سی، ریگولر ملازمین کو فارغ کرنے کیلئے گولڈن ہینڈ شیک اسکیم

June 02, 2023

کراچی( سید محمد عسکری ) پاکستان میڈیکل اینڈ ڈینٹل کونسل نے مزید من پسند نئی بھرتیوں کے لیے مستقل ملازمین کو فارغ کرنے کا فیصلہ کرتے ہوئے ان کے لیے رضاکارانہ گولڈن ہینڈ شیک اسکیم متعارف کردی ہے جس کا باقاعدہ نوٹفکیشن بھی جاری کردیا گیا جس میں کہا گیا ہے کہ ایسے مستقل ملازمین جن کی عمر 55برس سے کم ہے اور انھیں ملازمت کرتے ہوئے 10برس یا اس سے زائد کا عرصہ ہوگیا ہے وہ رضاکارانہ گولڈن ہینڈ شیک اسکیم سے فائدہ اٹھا سکتے ہیں نوٹیفکیشن میں گولڈن ہینڈ شیک لینے والوں کے لیے مراعات کی تفصیلات بھی دی گئی ہیں اور کہا گیا ہے کہ یہ اسکیم ایک مرتبہ کے لیے جس کا اطلاق حاضر اور رخصت پر گئے مستقل ملازمین پر ہوگا۔ یاد رہے کہ گزشتہ ایک برس کے دوران پاکستان میڈیکل اینڈ ڈینٹل کونسل (پی ایم ڈی سی) نے کراچی میں واقع اپنے علاقائی دفتر میں بلاجواز 40؍ سے زائد افراد کا تقرر کردیا ہے یہ تمام تقرریاں میرٹ کو بالائے طاق رکھ کر بغیر اشتہار کے سیاسی بنیادوں پر کی گئی ہیں۔ اس سے قبل کراچی کے دفتر میں 7؍ ملازمین ہوتے تھے۔ بھرتی کئے گئے افسران میں منیجر اور اسسٹنٹ منیجر بھی شامل ہیں جن کو بھاری تنخواہوں پر ملازم رکھا گیا ہے اور تین ٹیلی فون آپریٹر بھی بھرتی کئے گئے ہیں جبکہ فون ایک ہے۔پی ایم ڈی سی کی ترجمان حنا شوکت نے کہا کہ ملازمین کو جی ایچ ایس کی پیشکش کرنا پی ایم ڈی سی ایکٹ کا تقاضا ہے۔ پی ایم ڈی سی نے قانون سے ہٹ کر کچھ نہیں کیا۔"ماضی میں پاکستان میڈیکل کمیشن نے ملازمین کیلئے لازمی گولڈن ہینڈ شیک کا اعلان کیا۔"تاہم موجودہ GHS خالصتاً رضاکارانہ بنیادوں پر ہے۔ PMDC ایک ذمہ دار ادارہ ہے اور ہمیشہ قواعد و ضوابط پر عمل کرنے پر یقین رکھتا ہے۔ مزید برآں GSH ملازمین کے لیے صرف ایک رضاکارانہ آپشن ہے اور لازمی/لازمی نہیں اس لیے صرف وہی ملازمین اس اختیار کو قبول کریں گے جو اسے لینے کے لیے تیار ہیں۔