کبریٰ خان نے آئٹم نمبر کرنے کی وجہ بتادی

June 02, 2023

کبریٰ خان، فائل فوٹو

پاکستان شوبز انڈسٹری کی معروف اداکارہ کبریٰ خان نے فلم ’سپراسٹار‘ کے لیے آئٹم نمبر کرنے کی وجہ بتادی۔

کبریٰ خان نے حال ہی میں ایک نجی ٹی وی کے پروگرام میں بطور مہمان شرکت کی جہاں اُنہوں نے اپنے آئٹم نمبر ’دھڑک بھڑک‘ سے متعلق ایک حقیقت کاانکشاف کیا۔

اُنہوں نے کہا کہ میرے خیال میں ہر کسی کی اپنی کچھ حدود اور پسند ہوتی ہے۔

اُنہوں نے مزید کہا کہ مجھے معلوم ہے کہ میری یہ بات لوگوں کو بے وقوفانہ لگے گی لیکن یہی حقیقت ہے کہ مجھے نہیں معلوم تھا کہ ’دھڑک بھڑک‘ ایک آئٹم نمبر ہے، میرے سامنے یہ سچائی سیٹ پر پہنچنے کے بعد آئی اور پھر اس وقت میں عین موقع پر انکار نہیں کرسکتی تھی۔

کبریٰ خان نے ہنستے ہوئے کہا کہ سچ کہوں تو یہ مجھ سے زیادہ بلال کا آئٹم نمبر تھا۔

اُنہوں نے کہا کہ مجھے ذاتی طور پر آئٹم نمبرز پسند نہیں ہیں لیکن میں نے ایک آئٹم نمبر کیا کیونکہ میں اپنے کام کے حوالے سے بہت زیادہ پروفیشنل ہوں۔

اُنہوں نے ایک سوال کے جواب میں کہا کہ مستقبل میں اگر اس طرح کا کوئی معاہدہ ہوا تو میں اپنے طریقے سے کام کروں گی، میں اس معاہدے میں تبدیلی لاسکوں گی تو لاؤں گی لیکن میں آئٹم سانگ کرنا پسند نہیں کروں گی۔

اُنہوں نے بتایا کہ آئٹم نمبر ’دھڑک بھڑک‘ کے لیے منتخب کردہ لباس سے مجھے مسئلہ تھا ورنہ ڈانس کرنا تو مجھے پسند ہے۔

کبریٰ خان نے اپنی بات مکمل کرتے ہوئے کہا کہ آئٹم نمبر کے لیے منتخب کیے جانے والے لباس اور ایسے گانوں کا جو مفہوم ہے، وہ قابل قبول نہیں ہے، اس لیے میں نے سیٹ پر ڈوپٹے سے خود کو لپیٹ لیا تھا کیونکہ میں اس لباس میں کافی بے چینی محسوس کر رہی تھی۔