میرا اور اداکار خوشحال خان کا آپس میں کوئی رشتہ نہیں، احسن خان

June 03, 2023

پاکستان شوبز انڈسٹری کے ورسٹائل اداکار و میزبان احسن خان نے شوبز انڈسٹری میں اقرباپروی کے حوالے سے بات کرتے ہوئے اپنے اور خوشحال خان کے رشتے سے متعلق گردش کرتی تمام خبروں کی تردید کر دی۔

اداکار احسن خان نے نجی چینل کے ایک شو میں شرکت کرتے ہوئے مختلف موضوعات پر دلچسپ گفتگو کی۔

ایک سوال کے جواب میں انہوں کہا کہ جب آپ مشہور ہوتے ہیں تو لوگ آپ کے بارے میں جاننا اور آپ سے متعلق بات کرنا اپنا حق سمجھتے ہیں، اس لئے جب کبھی بھی کوئی تنازع پیدا ہوجائے تو آپ ہر ایک کو اس کی وضاحت نہیں دے سکتے۔

ایک اور سوال کے جواب میں انہوں نے اپنی اور خوشحال خان کی وائرل ویڈیو کے حوالے سے وضاحت دیتے ہوئے کہا کہ ان کا اور اداکار خوشحال خان کا آپس میں کوئی رشتہ نہیں ہے، نہ وہ ان کے ماموں ہیں اور نہ ہی خوشحال خان ان کے بھانجے ہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ ان کا ایک ڈرامہ سیریل تھا ’قصہ مہر بانو کا‘ جس میں نعمان اعجاز کے بیٹے زاویار اعجاز اور خوشحال خان نے ڈیبیو کیا تھا۔ اس ڈرامے میں، میں خوشحال خان کا ماموں تھا، اس کے سیٹ سے ایک ویڈیو وائرل ہوگئی تھی جس کے بعد خوشحال خان کو کافی تنقید کا سامنا کرنا پڑا۔

تاہم اب اس وائرل ویڈیو کے حوالے سے بات کرتے ہوئے احسن خان نے واضح کر دیا کہ ان کا اور خوشحال خان کا آپس میں کوئی رشتہ نہیں ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ خوشحال خان ایک بہترین اداکار ہیں اور انہیں انڈسٹری میں کام کرنے کے لئے کسی کے سہارے کی ضرورت نہیں ان کی اداکاری ہی کافی ہے۔