یو اے ای کیخلاف اہم میچز، پاکستان رگبی نے جنوبی افریقی کوچ کی خدمات حاصل کرلیں

June 03, 2023

پاکستان رگبی یونین نے 4 اور 8 جولائی کو لاہور میں ہونے والے متحدہ عرب امارات (یو اے ای) کے خلاف ڈویژن ون کے دو میچز کےلیے جنوبی افریقی کوچ گیٹ مولڈر کو ہیڈ کوچ مقرر کردیا۔

سیکریٹری پاکستان رگبی یونین (پی آر یو) سلمان شیخ کا کہنا ہے کہ 2022ء میں تھائی لینڈ سے جیتنے والی ڈویژن ٹو میں بھی کوچ گیٹ مولڈر نے فاتح پاکستان ٹیم کی کوچنگ کی تھی۔

واضح رہے کہ ایشیا رگبی نے اس سال ڈویژن ون چیمپئن شپ کی میزبانی پاکستان رگبی یونین کو سونپی تھی۔

گیٹ مولڈر نے گزشتہ روز پاکستان رگبی ٹیم کو لاہور میں جوائن کیا۔ پاکستان رگبی یونین گزشتہ دو ماہ سے نیشنل ٹیم کےلیے کھلاڑیوں کی فٹنس پر کام کر رہی تھی۔

پاکستان اور یو اے ای میں سے جیتنے والی ٹیم ایشیا رگبی چیمپئن شپ کےلیے بھی کوالیفائی کرے گی۔

جیتنے والی ٹیم کےلیے 2027ء میں آسٹریلیا میں ہونے والے ورلڈکپ کےلیے کوالیفائی کرنے کے چانسز بھی بڑھ جائیں گے۔