تابش ہاشمی نے وائرل ہونے کا طریقہ بتادیا

June 05, 2023

تابش ہاشمی، فائل فوٹو

جیو ٹی وی کے پروگرام ’ہنسنا منع ہے‘ کے میزبان تابش ہاشمی نے سوشل میڈیا پر وائرل ہونے کا طریقہ بتادیا ہے۔

آج کے دور میں سوشل میڈیا ایک ایسا پلیٹ فارم ہے جس کی مدد سے کوئی بھی شخص وائرل ہونے کے بعد صرف چند منٹ میں ہی اپنے شاندار کیریئر کا آغاز کرسکتا ہے۔

پاکستان شوبز انڈسٹری میں بھی ایسے بہت سارے اداکار ہیں جنہیں سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والی ان کی کسی ویڈیو اور تصویر کی وجہ سے اسکرین پر اداکاری کے جوہر دکھانے کا موقع ملا۔

ایسی ہی ایک اداکارہ رومیسہ خان بھی ہیں جنہیں سوشل میڈیا سے وائرل ہونے کے بعد اب ٹی وی اسکرین پر نظر آنے کے بہترین مواقع مل رہے ہیں۔

رومیسہ خان نے حال ہی میں جیو ٹی وی کے پروگرام ’ہنسنا منع ہے‘ میں بطور مہمان شرکت کی جہاں شو کے میزبان تابش ہاشمی خود بھی ایسی ہی شوبز شخصیات میں شامل ہیں جنہیں سوشل میڈیا پر وائرل ہونے کے بعد انڈسٹری میں پہچان ملی اور اب وہ ایک مشہور کامیڈین اور میزبان ہیں۔

شو کی اس قسط میں موقع کا فائدہ اُٹھاتے ہوئے میزبان تابش ہاشمی اور مہمان رومیسہ خان سے سوشل میڈیا پر وائرل ہونے کا طریقہ پوچھا گیا۔

تابش ہاشمی نے اس سوال کا جواب دیتے ہوئے کہا کہ ویسے مجھے نہیں پتہ تھا کہ میں اتنا وائرل ہوجاؤں گا کیونکہ میں جو بھی کرتا تھا صرف تفریح کے لیے کرتا تھا۔

اُنہوں نے کہا کہ سوشل میڈیا پر وائرل ہونے کا کوئی خاص معیار نہیں ہے لیکن لگن ہونا اور محنت کرنا بہت ضروری ہے۔

اُنہوں نےمزید کہا کہ اگر کوئی شخص مسلسل کچھ کانٹینٹ بنا کر سوشل میڈیا پر اپلوڈ کرتا رہے گا تو یقیناََ وائرل ہو جائے گا۔

تابش ہاشمی نے اپنی بات مکمل کرتے ہوئے کہا کہ وائرل ہونے کے لیے آپ کا کانٹینٹ احمقانہ نہیں منفرد ہونا چاہیئے ۔