• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ہمارا ڈرامہ چار دیواری سے باہر نکل ہی نہیں سکتا: یاسر حسین

— فائل فوٹو
— فائل فوٹو

پاکستانی انٹرٹینمنٹ انڈسٹری سے وابستہ معروف اداکار، ہدایتکار، مصنف اور پروڈیوسر یاسر حسین نے پاکستانی انٹرٹینمنٹ انڈسٹری میں کہانیوں کے فقدان پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ ہمارا ڈرامہ چار دیواری سے باہر نکل ہی نہیں سکتا۔

حال ہی میں کراچی آرٹس کونسل میں منعقدہ ایک تقریب کے دوران اداکار و ہدایتکار یاسر حسین نے پاکستانی ڈامہ اور فلم انڈسٹری میں کہانیوں کی محدودیت پر کھل کر بات کی۔

ان کا کہنا تھا کہ سیرل اور سیریز اب نیٹ فلکس اور ایمازون پر نشر کی جا رہی ہیں، ہمارے یہاں اب بھی یہ فارمیٹ ٹی وی میں رائج ہے، مگر آن لائن اسٹریمنگ پلیٹ فارمز پر جو کہانیاں دیکھنے کو ملتی ہیں ویسی ہمارے یہاں نہیں ملتی۔

انہوں نے کہا کہ ہم کہانیوں کے اعتبار سے بہت پیچھے ہیں، ہمیں کہانی پیش کرنے کے لیے میاں بیوی یا آشنا کے کرداروں کی ضرورت پیش آتی ہے۔

یاسر حسین نے کہا کہ فن کسی بھی صورت میں ہو وہ معاشرے کی ذہن سازی کرتا ہے۔ جب ذہن سازی پر پابندیاں عائد کر دی جائیں، تو کہانیاں گھر کی چار دیواروں تک محدود ہوکر رہ جاتی ہیں۔ ہمارا ڈرامہ بھی گھریلو کہانیوں سے آگے جا ہی نہیں سکتا۔

انہوں نے کہا کہ ہمارے ملک کی چیزوں پر اب باہر والے ڈرامے اور فلمیں بنا رہے ہیں کیونکہ وہ بہت بڑی چیزیں ہیں۔ حال ہی میں بھارتی فلم دھریندر آئی ہے، جو کراچی کے علاقے لیاری کی ایک کہانی پر مبنی ہے لیکن ہم یہاں رہتے ہوئے بھی نہیں جاتنے کہ لیاری میں کیا ہے اور کیا نہیں ہے، میں خود بھی نہیں جانتا کیونکہ مجھے کبھی وہاں جانے ہی نہیں دیا گیا۔

انہوں نے کہا کہ لیاری میں پوری فوڈ اسٹریٹ ہے جو ہم اسی شہر میں رہتے ہوئے کبھی دیکھ ہی نہیں پائے۔ صرف لیاری ہی نہیں بلکہ اسی شہر میں کئی ایسے علاقے ہیں جن پر ہم نے کبھی دھیان ہی نہیں دیا، تو وہاں کی کہانیاں کیسے پیش کی جائیں گی؟

اداکار کے مطابق اس سے قبل ’ہیرامنڈی‘ پر فلم بنائی گئی تھی وہ ہماری کہانی ہے، ہم یہ شکوہ نہیں کرسکتے کہ انہوں نے صحیح بنائی یا غلط۔ جاوید اقبال کو لے کر بھارت میں فلم بنی لیکن جب ہمارے پاس اسی عنوان پر فلم بنی تو اسے بین کر دیا گیا۔ اس کا واضح مطلب ہے کہ ہمیں محدود کہانیاں پیش کرنے کا حق ہے اور اس میں ہمارے ہدایت کار جو کر رہے ہیں وہ بہت اچھا کر رہے ہیں۔

انٹرٹینمنٹ سے مزید