سینئر پاکستانی ٹیلی ویژن و فلم اداکار بہروز سبزواری نے حال ہی میں کراچی میں منعقد ہونے والی اردو کانفرنس میں شرکت کے دوران ڈراموں پر تنقید کرنے والے پروگرام ’کیا ڈرامہ ہے‘ کی ججز پر کھل کر تنقید کی۔
بہروز سبزواری خدا کی بستی اور تنہائیاں جیسے لازوال ڈراموں میں نوشا، موبی اور قباچہ جیسے یادگار کرداروں کے باعث پہچانے جاتے ہیں۔
اپنے ایک انٹرویو کے دوران بہروز سبزواری انہوں نے کہا کہ ایک نجی چینل پر چند اداکارائیں پاکستانی ڈراموں کو بری طرح تنقید کا نشانہ بناتی ہیں، جو مناسب نہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ ایک چینل پر ہماری چند اداکارائیں ڈراموں کو چیر پھاڑ کر رکھ دیتی ہیں، ایسا نہیں ہونا چاہیے تھا۔ یہ ناانصافی ہے، انہیں ڈرامہ پروڈکشن کے مسائل کا اندازہ نہیں، ان میں سے بعض کو تو اداکاری بھی نہیں آتی۔
اس موقع پر اداکار یاسر حسین نے بھی گفتگو میں حصہ لیا اور کہا کہ کچھ لوگ اداکاری اور فلم سازی کے بنیادی اصولوں سے واقف نہیں، اس کے باوجود اداکاری پر تنقید کر رہے ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ اداکاری پر تنقید وہی کر سکتا ہے جو اس فن کو جانتا ہو، جیسے فاروق رند یہاں موجود ہیں، منور سعید اداکاری کو جانچ سکتے ہیں، مگر وہ خواتین نہیں جو خود اسی انڈسٹری میں کام کر رہی ہوں، وہ اسی انڈسٹری کے ڈراموں اور فلموں پر کیسے تنقید کر سکتی ہیں؟