• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

2025 کن شوبز جوڑیوں کو راس نہ آیا اور کن کی علیحدگی ہوئی؟

— فائل فوٹو
— فائل فوٹو

یوں تو سال 2025 پاکستانی شوبز انڈسٹری میں شادیوں کا سال رہا، رواں سال کم و بیش 21 جوڑے شادی کے بندھن میں بندھے تاہم چند فنکار ایسے بھی ہیں جنہیں یہ سال راس نہ آیا۔

کسی کی منگنی ختم ہوئی، کسی نے شادی کے چند ماہ بعد ہی علیحدگی کا فیصلہ کرلیا تو کسی کی برسوں پرانی شادی بھی قائم نہ رہ سکی اور معاملات طلاق پر آکر ختم ہوگئے۔

پاکستانی معاشرے میں خاندانی معاملات میں خصوصی دلچسپی لی جاتی ہے، یہی وجہ ہے کہ طلاق یا علیحدگی کے مرحلے سے گزرنے والی شخصیات اکثر شدید عوامی تنقید اور دباؤ کا سامنا بھی کرنا پڑتا ہے۔

سال 2025 میں بھی کئی ایسی حیران کن علیحدگیاں اور طلاقیں سامنے آئیں جنہوں نے صارفین کو چونکا دیا، آیے ایک نظر درج ذیل فنکاروں کی فہرست پر ڈالتے ہیں، جنہوں نے امسال اپنی علیحدگی یا طلاق کا اعلان کیا۔

دائیں سے بائیں: عاصم اظہر اور میرب علی ، زارا ترین اور فاران طاہر ، حنا رضوی اور عمار احمد
دائیں سے بائیں: عاصم اظہر اور میرب علی ، زارا ترین اور فاران طاہر ، حنا رضوی اور عمار احمد

عاصم اظہر اور میرب علی

پاکستانی معروف گلوکار عاصم اظہر اور اداکارہ میرب علی کی جوڑی منگنی کے بعد سے ہی خبروں کی زینت بنی رہی، مداح 3 برسوں سے بےصبری سے ان کی شادی کے منتظر تھے مگر رواں سال کے آغاز میں ہی عاصم اظہر نے اچانک میرب سے منگنی ختم کرنے کا اعلان کرکے مداحوں کا دل توڑ دیا۔ اس خبر نے مداحوں کو کافی حیران کیا، کیونکہ عوامی توقعات کے مطابق دونوں جلد شادی کرنے والے تھے۔

زارہ ترین اور فاران طاہر

اداکارہ زارا ترین اور ہالی ووڈ میں پہچان رکھنے والے اداکار فاران طاہر 2021 میں رشتہ ازدواج سے منسلک ہوئے تو اس جوڑی کو شوبز انڈسٹری میں ایک مضبوط جوڑی کا مقام حاصل ہوا۔ تاہم مداح اس وقت دنگ رہ گئے جب زارا ترین نے رواں سال انکشاف کیا کہ شادی کے صرف 4 ماہ بعد ہی یہ جوڑا الگ ہوگیا تھا۔ تاہم قانونی طور پر شادی ختم ہونے میں کچھ وقت لگا۔ ان کے مطابق یہ شادی دھوکے اور فریب پر مبنی تھی۔ طلاق کے بعد انہیں شدید ذہنی دباؤ کا سامنا رہا، تاہم اب وہ خود پر کام کر کے اس مرحلے سے باہر نکل رہی ہیں۔

حنا رضوی اور عمار احمد

حنا رضوی کا تعلق ایک معروف شوبز خاندان سے ہے اور وہ خود بھی ایک کامیاب اداکارہ ہیں۔ ان کی شادی تھیٹر اداکار عمار احمد سے ہوئی تھی، جسے مداحوں نے بے حد پسند کیا۔ تاہم رواں برس حنا رضوی نے اعلان کیا کہ ان کے ازدواجی تعلقات میں مسائل پیدا ہو چکے ہیں۔ دونوں اس وقت علیحدہ رہ رہے ہیں، اگرچہ تاحال باضابطہ طلاق نہیں ہوئی۔

دائیں سے بائیں: ایمن زمان اور مجتبیٰ لکھانی، سارہ عمیر اور محسن طلعت، سبحان عمیئس اور عبیر اسد خان
دائیں سے بائیں: ایمن زمان اور مجتبیٰ لکھانی، سارہ عمیر اور محسن طلعت، سبحان عمیئس اور عبیر اسد خان

ایمن زمان اور مجتبیٰ لکھانی

گزشتہ برس شادی کے بندھن میں منسلک ہونے والی ٹک ٹاکر و اداکارہ ایمن زمان اور مجتبیٰ لکھانی کی شادی کو بھی خاصی پذیرائی ملی۔ دونوں اکثر ایک ساتھ نظر آتے اور فیشن شوز میں بھی شریک ہوتے رہے۔ تاہم 2025 میں ایمن زمان نے انسٹاگرام پر اپنی طلاق کا اعلان کر دیا۔ دونوں نے علیحدگی کی وجہ سے متعلق کوئی تفصیل شیئر نہیں کی۔

سارہ عمیر اور محسن طلعت

پاکستانی معروف اداکارہ سارہ عمیر نے ہدایتکار محسن طلعت سے شادی کے بعد اداکاری سے وقفہ لیا تھا۔ حال ہی میں انہوں نے شوبز میں واپسی کی اور ریئلٹی شو تماشا گھر میں شرکت کی۔ اسی دوران انہوں نے انکشاف کیا کہ وہ طلاق کے مرحلے سے گزر چکی ہیں۔ سابق جوڑے کے دو بچے ہیں۔

سبحان عمیئس اور عبیر اسد خان

ماڈلنگ کی دنیا کا مقبول جوڑا سبحان عمیئس اور عبیر اسد خان بھی 2025 کی چونکا دینے والی خبروں میں شامل رہا۔ رواں سال کے آغاز میں ہونے والی ان کی شادی کو مداحوں نے بےحد سراہا، تاہم صرف سات ماہ بعد دونوں کے درمیان طلاق ہو گئی۔ دونوں نے علیحدگی کی وجہ پر خاموشی اختیار کی ہوئی ہے، جس پر مداحوں نے شدید حیرت کا اظہار کیا۔

دائیں سے بائیں: میرا سیٹھی اور بلال ایم صدیقی، سحر حیات اور سمیع رشید ، انوشے عباسی اور عینان عارف
دائیں سے بائیں: میرا سیٹھی اور بلال ایم صدیقی، سحر حیات اور سمیع رشید ، انوشے عباسی اور عینان عارف

میرا سیٹھی اور بلال ایم صدیقی

اداکارہ اور مصنفہ میرا سیٹھی نے 2025 میں انکشاف کیا کہ وہ کچھ عرصے سے طلاق یافتہ ہیں۔ ان کے مطابق وہ ڈرامہ کچھ ان کہی کی شوٹنگ کے دوران اس مشکل مرحلے سے گزر رہی تھیں، اور اس دوران اداکارہ سجل علی نے ان کا بھرپور ساتھ دیا۔ میرا سیٹھی نے اگرچہ پہلے ہی علیحدگی اختیار کر لی تھی، تاہم اس کا اعلان رواں برس کیا۔

سحر حیات اور سمیع رشید

معروف ٹک ٹاکر جوڑی سحر حیات اور سمیع رشید کی شادی 2022 میں شاندار انداز میں ہوئی تھی۔ پھر دونوں ایک بیٹی کے والدین بھی بنے۔ تاہم 2025 میں ان کی طلاق ہو گئی۔ یہ علیحدگی خاصی متنازع رہی، جس میں ایک دوسرے پر سنگین الزامات بھی سامنے آئے۔

انوشے عباسی اور عینان عارف عباسی

اداکارہ انوشے عباسی نے بھی اپنی طلاق کی تصدیق 2025 میں کی۔ اگرچہ مداح کافی عرصے سے قیاس آرائیاں کر رہے تھے، تاہم انہوں نے یہ خبر ایک شو میں باضابطہ طور پر دی۔ انوشے عباسی کے مطابق وہ اس معاملے پر پہلے اس لیے خاموش رہیں کیونکہ ان کی والدہ علیل تھیں اور وہ انہیں مزید تکلیف نہیں دینا چاہتی تھیں۔ انہوں نے 2014 میں اداکار عینان عارف سے شادی کی تھی مگر یہ شادی 2019 میں طلاق پر ختم ہوئی جس کا باضابطہ اعلان اب کیا گیا ہے۔

یہاں یہ واضح رہے رواں برس اداکارہ خوشبو اور اداکار ارباز خان کی علیحدگی کی خبریں بھی زیر گردش رہیں تاہم اس حوالے سے باضابطہ طور پر اعلان نہیں کیا گیا۔ مذکورہ خبریں اس وقت پھیلنا شروع ہوئیں جب اداکارہ خوشبو نے ایک انٹرویو کے دوران انکشاف کیا کہ وہ اور ارباز گزشتہ چند برسوں سے ایک ساتھ نہیں رہ رہے، ارباز خان ایک دن گھر سے چلے گئے اور پھر واپس نہیں آئے، جس سے انہیں شدید دکھ اور صدمہ پہنچا۔ تاہم بعدازاں انہوں نے اپنے بیان سے یو ٹرن لے لیا تھا۔

2025 میں سامنے آنے والی یہ علیحدگیاں اس حقیقت کی عکاسی کرتی ہیں کہ شہرت کے باوجود شوبز شخصیات بھی زندگی کے مشکل اور تکلیف دہ مراحل سے گزرتی ہیں۔

انٹرٹینمنٹ سے مزید
خاص رپورٹ سے مزید