پاکستانی معروف گلوکار و اداکار فرحان سعید کا کہنا ہے کہ پاک بھارت کشیدگی کے دوران میری سوشل میڈیا فالوونگ بہت متاثر ہوئی، میرے فینز کی بڑی تعداد بھارت سے تھی۔
ان کا کہنا تھا کہ میں بھارت مخالف نہیں ہوں لیکن جنگ میں ہمیشہ پاکستان کے ساتھ کھڑا رہوں گا۔
حال ہی میں گلوکار نے ایک صحافی کو انٹرویو دیتے ہوئے مختلف امور پر اپنے خیالات کا اظہار کیا۔
ایک سوال کا جواب دیتے ہوئے انہوں نے پاک بھارت کشیدگی کے دوران فالوورز کی تعداد کم ہونے پر گفتگو کی۔
انہوں نے کہا کہ اگر ان کے بھارتی مداح یہ توقع رکھتے ہیں کہ جنگی حالات میں میں ’پاکستان زندہ باد‘ کہنے سے گریز کروں گا تو مجھے اس پر افسوس ہے۔
گلوکار نے یہ بھی واضح کیا کہ ’پاکستان زندہ باد‘ کہنے کا مطلب یہ نہیں ہے کہ میں بھارت سے یا کسی بھی دوسرے ملک سے نفرت کرتا ہوں۔ میں ہمیشہ ’پاکستان زندہ باد‘ کا نعرہ بلند کروں گا، اگر میرے ملک پر جنگ مسلط کی جائے تو میں اپنے ملک کے ساتھ ہی رہوں گا۔
فرحان سعید نے مزید کہا کہ فن کی کوئی سرحد نہیں ہوتی۔ ہم بالی ووڈ کی فلمیں دیکھ کر بڑے ہوئے ہیں مگر آج کے نوجوان بالی ووڈ کی فلموں کو پوچھتے تک نہیں ہیں۔ اس کی وجہ یہی ہے کہ ان کا بیانیہ پاکستان مخالف ہوگیا ہے، انہوں نے اپنا بیانیہ تبدیل کرکے اپنا ہی نقصان کیا ہے۔ اب اگر انہیں اس کی پرواہ نہیں ہے تو ہم بھی اس چیز کی پرواہ نہیں کرتے۔
گلوکار نے یہ بھی کہا کہ میں بھارت میں بہت اچھے لوگوں سے ملا ہوں، وہاں موجود اپنی دوستیوں اور تعلقات کو قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہوں۔ میں بھارت مخالف نہیں ہوں لیکن جب تنازع، کشیدگی اور مسلسل پروپیگنڈا ہو تو میں ہمیشہ اپنے ملک کے ساتھ کھڑا رہوں گا اور پاکستان کا ہی انتخاب کروں گا۔