مجھ سے اب پاکستان کے خلاف باتیں نہیں ہوتیں، شمعون عباسی

June 05, 2023

اسکرین گریب

شوبز انڈسٹری کے نامور اداکار، ہدایتکار اور اسکرین رائٹر شمعون عباسی نے انکشاف کیا ہے کہ وہ ہر پاکستانی فلم میں پاکستان کے خلاف بول بول کر تھک چکے ہیں۔

اداکار شمعون عباسی نے گزشتہ شب جیو نیوز کے شو ’ہنسنا منع ہے‘ میں بطور مہمان شرکت کی۔

اس دوران شمعون عباسی نے ناصرف خود سے متعلق دلچسپ یادگار واقعات سنائے بلکہ متعدد سوالات کے جواب بھی دیے۔

اداکارہ نیلم منیر، ہمایوں سعید اور گلوکار عاطف اسلم کا کیریئر بنانے والے ڈائریکٹر، شمعون کا بار بار پاکستانی فلموں میں ویلن کا کردار ادا کرنے سے متعلق بات کرتے ہوئے کہنا تھا کہ ہمیں نئے اداکاروں کی بہت ضرورت ہے، میں ہی کیوں بار بار ویلن بنتا ہوں اور پاکستان کے خلاف اتنا بولتا ہوں۔


اُن کا کہنا تھا کہ مجھ سے اب پاکستان کے خلاف باتیں نہ کروائیں، مجھ سے اب نہیں ہوتیں پاکستان خلاف باتیں۔

شمعون عباسی نے ہنستے ہوئے کہا کہ ملک کے خلاف فلموں میں بول بول کر اور اتنی زیادہ تنقید کر کے اب تو ڈر لگتا ہے کہیں پڑوس ملک والے مجھے ویزا ہی نہ بھیج دیں کہ بھائی! تو پاکستان میں کیوں بیٹھا ہے یہاں ہی آجاؤ۔


شو کے دوران شادیوں سے متعلق پوچھے جانے والے سوال کے جواب میں اُن کا کہنا تھا کہ گرل فرینڈ اور بوائے فرینڈ کے رشتے کی حوصلہ افزائی کے بجائے کوشش کریں کہ شادی کریں۔