ملک معاشی تباہی اور انتشار پھیلانے والوں سے پاک ہوگیا، وزیراعظم شہباز شریف

June 05, 2023

وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ الحمدللّٰہ پاکستان معاشی تباہی اور ملک میں انتشار پھیلانے والے عناصر سے پاک ہوگیا، پہلی مرتبہ 13 جماعتوں نے اپنی سیاست داؤ پر لگا کر ریاست کو بچایا۔

پبلک سیکٹر ڈیولپمنٹ پروگرام (پی ایس ڈی پی) سے متعلق اجلاس میں گفتگو کرتے ہوئے شہباز شریف نے کہا کہ ملک کی معاشی سلامتی کیلئے ایسی کاوش کی مثال دنیا میں کہیں بھی نہیں ملتی۔

وزیراعظم نے کہا کہ گزشتہ حکومت کی معاشی تباہی کے باوجود حکومت کی محنت سے ملک میں معاشی استحکام آیا۔

انہوں نے کہا کہ بجٹ 24-2023 کا محور ترقی، عوامی فلاح اور کاروبار دوست پالیسیاں ہوں گی، پی ایس ڈی پی کے حجم کو 700 سے بڑھا کر 950 ارب روپے کیا جا رہا ہے، آئندہ مالی سال پاکستان کیلئے معاشی ترقی کا سال ہوگا۔

شہباز شریف نے مزید کہا کہ مشکل معاشی صورتحال کے باوجود وسائل کو بہترین طریقے سے بروئے کار لارہے ہیں، بجٹ میں سیلاب متاثرہ علاقوں کی ترقی و تعمیر نو کیلئے بھی خطیر رقم رکھی جا رہی ہے، سالہا سال سے التوا کا شکار نیشنل فلڈ رسپانس پروگرام شروع کیا جا رہا ہے۔