ملازمین کی تنخواہوں میں سوفیصد اضافہ کیا جائے، پروفیسرز اینڈ لیکچررز

June 06, 2023

کوئٹہ( پ ر)آل پاکستان پروفیسرز اینڈ لیکچررز ایسوسی کے مرکزی صدر پروفیسر منور عباس، سیکرٹری جنرل پروفیسر جمشید خان،پروفیسر ڈاکٹر رحیمہ رحمٰن، پروفیسر ڈاکٹر کلیم اختر، پروفیسر طارق بلوچ، پروفیسر رحمت علی،پروفیسر شاہجہاں پنہور، پروفیسر طارق سلیم، پروفیسرفیض محمد، پروفیسر عبدالرازق کاکڑ، پروفیسر احتشام گل، پروفیسرمحمد صدیق و دیگر نے کہاہے کہ بجٹ آنے کو ہے، وفاق سمیت تمام صوبائی، بشمول آزاد کشمیر و گلگت بلتستان کی حکومتیں کمر توڑ مہنگائی کو مدنظر رکھتے ہوئے تمام سرکاری ملازمین کی تنخواہوں میں کم از کم سو فیصد اضافہ کریں۔ جبکہ سرکاری محکموں کے ملازمین کی تنخواہوں میں تضاد کو بھی خاتمہ کیا جائے۔ اپلا کے رہنماؤں نے مزید کہا کہ سرکاری ملازمین کو جو ہاؤس رینٹ دیا جارہا ہے اس میں ایک کمرے کا مکان بھی کرائے پر نہیں مل سکتا، اتنے کم کنوینس الاؤنس میں چنگچی رکشہ کا بھی کرایہ ادا نہیں ہوسکتا اسی طرح میڈیکل الاؤنس کے دیے جانے والے ان پیسوں میں مہینے بھر کی پیناڈول نہیں لی جا سکتی ۔ اپلا کے رہنماؤں نے سرکار سے مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ سرکاری ملازمین کا منجمد کنوینس، میڈیکل اور ہاؤس رینٹ الاؤنسز کو مہنگائی کے تناسب کے مطابق بڑھایا جائے۔