قانونی تجارت کی راہ میں کوئی رکاوٹ برداشت نہیں کی جائیگی، چیف کلکٹر کسٹمز

June 06, 2023

کوئٹہ(اسٹاف رپورٹر)چیف کلکٹر کسٹمز بلوچستان محمد سلیم نے کہا ہے کہ قانونی تجارت کی راہ میں کوئی رکاوٹ برداشت نہیں کی جائے گی، کسی کو بھی کسٹم ڈیوٹی پیڈ مال بردار گاڑیوں کو بلاجواز روکنے کی اجازت نہیں،آم کے ایکسپورٹرز کی سہولت کےلئے یومیہ اسکواڈ کو ڈبل کیا جارہاہے تاکہ مال خراب ہونے کا اہتمال نہ رہے،کوشش ہے کہ قانونی تجارت پر کوئی قدغن نہ آئے،اسکریپ امپورٹ پر پابندی نہیں،ڈیوٹی پیڈ گاڑیوں کو روکنے،ٹیکس ویلیو ایشن میں رعایت و دیگر امور کے بارے میں حکام بالا سے گفت و شنید کریں گے۔بلوچستان میں کسٹمز کی ایک درجن چیک پوسٹیں ہیں جہاں غیرضروری چیکنگ کے حق میں نہیں،تاجر اسمگلنگ کے خاتمہ کےلئے ہمارا ساتھ دیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز ایوان صنعت و تجارت کوئٹہ بلوچستان کے عہدیداران و ممبران کے ساتھ اجلاس کے شرکاء سے خطاب میں کیا۔اس سے قبل چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کوئٹہ بلوچستان کے صدر حاجی عبداللہ اچکزئی،سنیئر نائب صدر حاجی آغا گل خلجی اور نائب صدر سید عبدالاحد آغا و دیگر نے چیف کلکٹر کسٹمز بلوچستان کو چیمبر آنے پر خوش آمدید کہتے ہوئے کہا کہ وہ قانونی تجارت کا فروغ چاہتے ہیں لیکن مال بردار گاڑیوں کی کلیئرنگ اور اسکواڈ میں تاخیر ان کے لئے مشکلات کا موجب ہے، انہوں نے اسکریپ کی گاڑیوں کو بے روکنے اسکریپ اور ٹائلز کی ٹیکس ویلیو ایشن میں کمی، تفتان میں تمام گاڑیوں کی بجائے مشکوک گاڑیوں کو اسکین کرنے،ڈرائی فروٹس کی گاڑیوں کی مال کی ری پروسیسنگ اور پیکنگ کے بعد اور وائیٹ اسپرٹ کی گاڑیوں کی پکڑ دھکڑ پر تشویش کا اظہار کیا اور کہا کہ محکمہ کسٹمز سندھ اور پنجاب میں بلوچستان سے مال پہنچانے والی گاڑیوں کی جی ڈیز کو ماننے سے انکاری ہیں بلکہ وہ گاڑیوں کو تحویل میں لیکر بے بنیاد مقدمات قائم کررہے ہیں اس کے تدارک کےلئے چیف کلکٹر کسمز اپنا کردار ادا کرے، انہوں نے ایکسپورٹ پالیسی آرڈر میں بادینی بارڈر کو شامل کرنے،چمن اور تفتان بارڈرز پر 40آئٹمز کے ٹیکسز وصولی سے متعلق اقدامات کا بھی مطالبہ کیا اور کہا کہ ایران سے سریے کی اسمگلنگ کا بہانہ بناکر بڑے اسٹیل مالکان کے کہنے پر اسکریپ کی درآمد کی راہ میں روڑے اٹکانے کا سلسلہ بند کیا جائے۔اس موقع پر چیف کلکٹر کسمز بلوچستان محمد سلیم کا کہنا تھا کہ بڑے اسٹیل ملز مالکان کے تحفظات کے پیش نظر ایرانی سریے کی درآمد پر پابندی عائد کی گئی ہے تاہم اسکریپ کے کاروبار پر کوئی پابندی نہیں انہوں نے اسکریپ اور ٹائلز کی ویلیو ایشن کو ری ویوو کرنے،تفتان سے اسکواڈ کے تاخیر،ڈرائی فروٹس کے ری پیکنگ اور پراسیسنگ کے بعد جی ڈیز کے معاملے اور ایکسپورٹ پالیسی میں بادینی بارڈر کو شامل کرنے کےلئے اقدامات اور حکام بالا سے گفت و شنید کی یقین دہانی کرائی اور کہا کہ بادینی بارڈر کو یکطرفہ کھولنے سے متعلق بھی معاملات دیکھیں گے، انہوں نے اگلے اجلاس میں کلکٹرز کو ساتھ چیمبر لانے کی بھی یقین دہانی کرائی اور کہا کہ قانونی تجارت کی راہ میں حائل رکاوٹوں اور اسمگلنگ کا خاتمہ ان کی اولین ترجیح ہے،آخر میں چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کوئٹہ بلوچستان عہدیداران و ممبران کی جانب سے چیف کلکٹر کسٹمز کو شیلڈ اور تحائف پیش کئے گئے۔