پاکستان کو مسجد سمجھتے ہیں: سراج الحق

June 08, 2023

سراج الحق—فائل فوٹو

امیرِ جماعتِ اسلامی پاکستان سراج الحق کا کہنا ہے کہ ریاست کا رشتہ مکان اور مکین کا نہیں پاکستان کو مسجد سمجھتے ہیں۔

ملتان میں امیرِ جماعتِ اسلامی پاکستان سراج الحق نے انتخابی کنونشن سے خطاب میں کہا کہ خوش حال پاکستان، کرپشن فری پاکستان کے لیے بھی اہم قدم ہے۔

ان کا کہنا ہے کہ ملک کوماں کی گود کی طرح ایک مقدس گود سمجھتے ہیں، ہم اس پاکستان کی تلاش میں ہیں جس کا خواب علامہ اقبال نے دیکھا تھا۔

سراج الحق نے کہا کہ اس پاکستان کی تلاش میں ہیں جہاں حکمراں تک عوام کی رسائی ہو، آج عدالتوں میں انصاف کی بجائے چہروں کو دیکھا جاتا ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ کون سا ایسا شعبہ ہے جس پر ظالموں نے ڈرون حملے نہیں کیے، جو بھی وزیرِ خزانہ آتا ہے، کہتا ہے کہ وسائل کم ہیں۔

امیرِ جماعتِ اسلامی پاکستان سراج الحق کا یہ بھی کہنا ہے کہ کون ہے جو توشہ خانے میں شامل نہیں؟ نیب کے دفاتر میں کون ہے جس کا نام نہیں ؟