ہمارے اتحاد و انضمام سے دشمن قوتوں کی نیندیں حرام ہوچکیں، امین الحق

June 10, 2023

کراچی (اسٹاف رپورٹر ) متحدہ قومی موومنٹ پاکستان کی رابطہ کمیٹی کے رکن، وفاقی وزیر برائے آئی ٹی اینڈ ٹیلی کام سید امین الحق نے اورنگی ٹائون میں عوامی اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ ایم کیو ایم کے اتحاد و انضمام سے دشمن قوتوں کی نیندیں حرام ہوچکی ہیں، آج کراچی میں قائم وفاقی و صوبائی اداروں میں ایم کیو ایم پاکستان کی یونینز کامیاب ہورہی ہیں، ایم کیو ایم کو ختم کرنے کا خواب دیکھنے والے احمقوں کی جنت میں رہتے ہیں، ایم کیو ایم پاکستان حالیہ انتخابات کی طرح 2023 کے عام انتخابات میں بھی بھرپور کامیابی اور اپنی چھینی ہوئی قومی اسمبلی کی 14 نشستیں واپس حاصل کرے گی، سینئر ڈپٹی کنوینر مصطفیٰ کمال نے کہا کہ ہم آج فخر سے کہتے ہیں اور ہمارا ماضی گواہ ہے کہ جہاں جہاں ایم کیو ایم اقتدار میں رہی ہے وہاں کے عوام کے مسائل حل ہوئے،آج ایم کیو ایم پاکستان کے پرچم کے نیچے پختون بلوچ پنجابی سندھی جمع ہورہے ہیں، جو لوگ لسانی بنیادوں پر لاشوں کی سیاست کرتے تھے ہم نےان کی سیاست کو دفنا کر محبت کا پیغام پھیلایا ہے۔ کراچی حیدرآباد سمیت شہری سندھ کے ایک ایک فرد کو لازمی گنا جائے۔