پشاور، ہردیپ سنگھ کے قتل پر سکھ برادری کا بھارت مخالف احتجاجی مظاہرہ

September 21, 2023

کینیڈا میں خالصتان کے حامی سکھوں کے قتل اور ان میں بھارت کے ملوث ہونے پر پشاور میں سکھ برادری نے احتجاجی مظاہرہ کیا۔

سکھ برادری نے سکھ رہنما کے قتل پر پشاور میں گورد وارہ بھائی جوگا سنگھ کے سامنے مظاہرہ کیا۔

سکھ مظاہرین نے بھارت کو ہردیپ سنگھ کے قتل کا ذمہ دار قرار دیتے ہوئے اس کے مخالف نعرے لگائے۔ انہوں نے اقوام متحدہ سے ہردیپ سنگھ کے قتل کی تحقیقات کا مطالبہ کیا۔

سکھ رہنما صاحب سنگھ نے کہا کہ یہ پہلا واقعہ نہیں جس میں بھارت ملوث ہے، کینیڈا کی حکومت کا اقدام قابل تحسین ہے، کینیڈین حکومت نے بھارت کا گھناؤنا چہرہ بے نقاب کردیا۔

احتجاجی مظاہرین سے خطاب کرتے ہوئے منمیت سنگھ نے کہا کہ سکھ کمیونٹی ہردیب سنگھ کے قتل کے خلاف یکجان ہے، ان کی قربانی رائیگاں نہیں جائیگی، کینیڈا کی حکومت نے ان کے قتل میں بھارتی خفیہ ایجنسی را کے ملوث ہونے کا ثبوت دیا ہے۔