پاکستان ٹیم کیلئے بھارتی ویزوں میں تاخیر، کرکٹ بورڈ پریشان

September 22, 2023

ورلڈ کپ 2023ء کے لیے پاکستان کرکٹ اسکواڈ کے بھارتی ویزے تاخیر کا شکار ہوگئے۔

ذرائع کے مطابق کرکٹ ورلڈ کپ میں پاکستان ٹیم کے پہلے ورم اپ میچ میں صرف 7 دن باقی ہیں، لیکن اب تک گرین شرٹس کو بھارتی ویزے جاری نہیں ہوسکے ہیں۔

پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) قومی اسکواڈ کے ویزا اجراء کے حوالے سے پریشان ہے، اس ایشو پر بورڈ نے انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) کو آگاہ کردیا ہے۔

ذرائع کے مطابق پی سی بی نے کہا کہ معاہدے کے مطابق بروقت ویزے جاری نہیں کیے گئے ہیں، قومی اسکواڈ اور فینز کے ویزوں کے حوالے سے بھارتی حکام نہیں بتا رہے ہیں۔

ذرائع کے مطابق پی سی بی ایک ہفتے سے بھارتی قونصل خانے سے رابطے میں ہے، ہفتے کے آغاز میں ویزوں کے جلد اجراء کے حوالے سے کہا گیا لیکن آج ہفتے کا آخری دن ہوگیا لیکن ویزے نہ مل سکے۔

پاکستان اسکواڈ نے 26 ستمبر براستہ دبئی بھارت روانہ ہونا ہے، جہاں پاکستان کا پہلا وارم اپ میچ 29 ستمبر کو نیوزی لینڈ سے شیڈول ہے۔