بلاول پاکستان کے کم عمر ترین وزیرِ اعظم بنیں گے: آصف زرداری

November 30, 2023

سابق صدر آصف زرداری نے کہا ہے کہ ہمیں بلاول کو سپورٹ کرنا ہے، ان کی تربیت کرنی ہے، بلاول پاکستان کے کم عمر ترین وزیرِ اعظم بنیں گے۔

کوئٹہ میں پیپلز پارٹی کے یومِ تاسیس پر جلسے سے خطاب کرتے ہوئے آصف زرداری نے کہا کہ آج لوگ بلاول کو ان کی اپنی وجہ سے جانتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ آپ کا جذبہ دیکھ کر شعر یاد آ رہا ہے زبانِ خلق کو نقارۂ خدا سمجھو۔

آصف زرداری نے کہا کہ بلوچستان کے دل پر زخم لگا ہوا ہے، ہم نے اپنے دور میں اس پر کچھ مرہم رکھا تھا، بلوچستان میں موجود ہر چیز کسی اور کی نہیں آپ کی ہے۔

انہوں نے کہا کہ چاہے وہ گیس ہو یا پیٹرول یا کچھ اور سب بلوچستان کے عوام کا ہے۔