شاہ رخ خان ہر چیز میں سو فیصد پرفارم کرتے ہیں، وکی کوشل

December 05, 2023

بالی ووڈ اداکار اور اداکارہ کترینہ کیف کے شوہر وکی کوشل نے اپنی آئندہ آنے والی فلم ڈنکی کے ساتھی اداکار اور بالی ووڈ سپر اسٹار شاہ رخ خان کی تعریف کردی۔

ان کا کہنا ہے کہ انہیں اندازہ ہوا کہ وہ ہر چیز میں سو فیصد پرفارم کرتے ہیں جبکہ میں اس عمر میں بھی ان سے پیچھے ہوں وہ کچھ اور ہی چیز ہیں۔

وکی کوشل نے ان خیالات کا اظہار بھارتی ٹیلی ویژن کے شو، کافی ود کرن کے آٹھویں سیشن میں میزبان کرن جوہر سے گفتگو کے دوران کیا جہاں ان کے ساتھ دوسری مہمان کیارا ایڈوانی تھیں۔

گزشتہ ہفتے ریلیز ہونے والی فلم سام بہادر میں مرکزی رول کرنے والے وکی کوشل نے کہا کہ شاہ رخ خان نے ڈنکی کی شوٹنگ میں نہ پہنچنے پر معذرت کی اور کہا کہ دہلی کے رش کی وجہ سے شوٹنگ پر انہیں کیو نہ دینے پر شرمندہ ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ وہ اس سین کو دوبارہ شوٹ کریں گے جس پر میں نے انہیں فون کرکے راضی کیا کہ دوبارہ کرنے کی ضرورت نہیں، ہدایتکار راجکمار ہیرانی مطمئن ہیں۔ وکی کوشل کا کہنا تھا کہ وہ شاہ رخ خان کی اس عاجزی سے بہت متاثر ہوئے۔

یاد رہے کہ وکی کوشل کنگ خان کے ساتھ پہلی بار کسی فلم میں کام کر رہے ہیں اسی وجہ سے وہ کافی پرجوش بھی ہیں۔