کونسل اجلاس کا مقصد 100 بلین ڈالر برآمدات کی راہ کو عملی جامہ پہنانا ہے، گوہر اعجاز

December 07, 2023

ڈاکٹر گوہر اعجاز، (فائل فوٹو)۔

نگراں وفاقی وزیر صنعت و پیداوار ڈاکٹر گوہر اعجاز نے انڈسٹریل ایڈوائزری کونسل کے افتتاحی اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہا کہ کونسل اجلاس کا مقصد "وژن پاکستان 100 بلین ڈالر کی برآمدات کی راہ" کو عملی جامہ پہنانا ہے۔

اسلام آباد میں انڈسٹریل ایڈوائزری کونسل کا افتتاحی اجلاس وزارت صنعت و پیداوار کے نگراں وزیر ڈاکٹر گوہراعجاز کی قیادت میں ہوا۔

اجلاس میں پاکستان کے معروف صنعتی گروپوں کے نامور سی ای اوز نے شرکت کی اور ملکی برآمدات میں اضافہ کے لئے اپنا نقطہ نظر اور مہارت پیش کرتے ہوئے صنعتی شعبے کو درپیش چیلنجز پر روشنی ڈالی اور ان کے حل کے لیے عملی تجاویز پیش کیں۔

نگران وزیر تجارت و صنعت گوہر اعجاز نےکہا ہے کہ ملک کے صنعتکاروں کو اعتماد میں لے کر برآمدات کو بڑھانے کا روڈ میپ تیار کیا جا رہا ہے۔

انکا کہنا تھا کہ ملکی جی ڈی پی کو 350 ارب ڈالرز سے بڑھا کر ایک ہزار ارب ڈالرز تک لے کر جانا ہے اور آئندہ پانچ سال میں ملکی برآمدات کو بڑھانے کا ہدف حاصل کرنا ہے۔

ٹیکسٹائل اور نان ٹیکسٹائل سیکٹر کا اجلاس کل طلب کیا گیا ہے، تمام سیکٹرز کی سفارشات کو ایس آئی ایف سی میں پیش کیا جائے گا۔