برسلز : پاکستانی نژاد عامر نعیم ریجنل پارلیمنٹ کے انتخابی دنگل میں اترنے کو تیار

February 27, 2024

جنگ فوٹو

بیلجیئم کی سوشلسٹ پارٹی نے اس سال منعقد ہونے والے ریجنل پارلیمنٹ برسلز کے انتخابات کے لیے پاکستانی نژاد کونسلر عامر نعیم کو ٹکٹ جاری کردیا ہے۔

ان انتخابات میں حصہ لینے کے لیے سوشلسٹ پارٹی کو 300 درخواستیں موصول ہوئی تھیں، جس میں سے مرد و خواتین کی برابری کی بنیاد پر 72 افراد کو پارٹی نے ٹکٹ دیا ہے۔

اس فہرست میں عامر نعیم کو 55 نمبر الاٹ کیا گیا ہے۔ اسی طرح آندرلیخت کمیون (جس میں وہ پہلے ہی سے کونسلر ہیں) میں بھی اکتوبر میں ہونے والے بلدیاتی انتخابات میں انہیں 8واں نمبر دیا گیا ہے۔

واضح رہے کہ سوشلسٹ پارٹی ایک قدیم جماعت ہے جسے ملک خصوصی طور پر دارالحکومت برسلز میں انسانیت کی بنیاد پر مہاجرین کی حمایت کرنے کا موقف رکھنے کے باعث باہر سے آکر آباد ہونے والی کمیونٹیز میں قدر کی نگاہ سے دیکھا جاتا ہے۔

یہی ملک کی وہ پہلی جماعت بھی تھی جس نے مہاجر کمیونٹیز سے تعلق رکھنے والے افراد کو قومی دھارے میں شامل کرتے ہوئے انہیں اپنا امیدوار بھی نامزد کرنا شروع کیا تھا۔